پاکستان کی جانب سے فلسطینی علاقوں سے اسرائیلی انخلا اور فلسطینی ریاست کے قیام کے جنرل اسمبلی کی منظور کردہ قرارداد کا خیرمقدم

111
Foreign Office

اسلام آباد۔5دسمبر (اے پی پی):پاکستان نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کی جانب سے منظور کی گئی قرارداد کا خیرمقدم کیا ہے جس میں اسرائیلی قابض حکام سے فلسطینی علاقوں سے انخلاء اور فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کیا گیا ہے۔

دفتر خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے یہاں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کہا کہ غزہ میں نسل کشی ختم ہونی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ فوڈ پوائنٹس، ہسپتالوں اور پناہ گزینوں کی پناہ گاہوں سمیت شہریوں کو اندھا دھند قتل کیا جا رہا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ اس انسانی صورتحال پر فوری طور پر بین الاقوامی توجہ کی ضرورت ہے۔ شام کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جاری صورتحال خطے کو مزید عدم استحکام کا شکار کرے گی اور دہشت گرد تنظیموں کی حوصلہ افزائی کرے گی۔

انہوں نے شام میں امن و سلامتی کے فروغ پر زور دیا اور صورتحال کی بہتری اور شام کے اتحاد، خودمختاری اور علاقائی وحدت کو برقرار رکھنے کے لیے بین الاقوامی کوششوں پر زور دیا۔