پاکستان کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں پانچ بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت

53

اسلام آباد۔12اکتوبر (اے پی پی):پاکستان نے غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر میں پانچ بے گناہ کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کے حصول تک کشمیری عوام کے ساتھ کھڑا رہے گا۔منگل کو ترجمان دفتر خارجہ نے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بے گناہ کشمیریوں کے مورائے عدالت قتل اور جھوٹے پروپیگنڈوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہندوتوا سے متاثرہ بی جے پی اور آر ایس ایس گٹھ جوڑ میں قابض فورسز نے کشمیریوں پر وحشیانہ جبر اور اجتماعی سزا کی مہم کو جاری رکھا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ منگل کو نئی دہلی میں ایک مبینہ پاکستانی کی گرفتاری سے متعلق الزامات بھارت کی مسلسل ان کوششوں کا حصہ ہیں،جس کا مقصد مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور بھارت میں مسلمانوں اور دیگر اقلیتوں کیخلاف غیر قانونی کارروائیوں سے عالمی برادری کی توجہ ہٹانا ہے۔ترجمان نے کہا کہ جھوٹ اور دھوکہ پر مبنی بھارتی پروپیگنڈہ پاکستان کے ان خدشات کا اعادہ کرتا ہےکہ بھارت ،پاکستان اور کشمیریوں کو مورد الزام ٹھہرانے کے لیے جعلی فلیگ آپریشن کی سازش کر رہا ہے۔

تاہم جھوٹے پروپیگنڈوں سے پاکستان اور نہ ہی کشمیریوں کو روکا جا سکتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کے حق خودارادیت کی جدوجہد میں ان کے ساتھ کھڑا رہے گا ، جیسا کہ اقوام متحدہ نے سلامتی کونسل کی مختلف قراردادوں کے ذریعے ان سے وعدہ کیا ہے۔