اسلام آباد۔4جولائی (اے پی پی):پاکستان نے مغربی کنارے کے مقبوضہ فلسطینی علاقے جنین میں اسرائیلی قابض فوج کی جانب سے کیے گئے چھاپوں اور فضائی حملوں کی شدید ترین الفاظ میں مذمت کی ہے جس میں 10 فلسطینی شہید اور 50 زخمی ہوئے۔
دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے منگل کو جاری بیان میں کہا گیاہے کہ قابض طاقت کی طرف سے فلسطینی عوام کے خلاف تشدد کی یہ تازہ کارروائیاں فوری طور پر ختم ہونی چاہیے۔ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی قابض افواج کے ان ظالمانہ اور غیر قانونی اقدامات کو رکوانے اور فلسطینی عوام کے انسانی حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے اپنی ذمہ داری ادا کرے۔
بیان کے مطابق پاکستان فلسطینی عوام کے حق خودارادیت سمیت ان کے حقوق اور آزادیوں کے مکمل حصول کے لیے ان کی جائز جدوجہد کے لیے اپنی مضبوط اور غیر متزلزل حمایت کا اعادہ کرتا ہے۔ بیان میں مزید کہا گیاہے کہ ہم اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق 1967 سے پہلے کی سرحدوں اور القدس الشریف کو اس کے دارالحکومت کے طور پر ایک قابل عمل، خود مختار اور متصل فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں۔