اسلام آباد۔28اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان نے کہاہے کہ پاکستان کی حکومت اورعوام سعودی عرب کوقدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں،دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی موجودہ سطح باہمی اعتماد اوربھائی چارہ میں پنہاں ہے، پاکستان اورمملکت سعودی عرب قریبی دوستانہ اوربرادارنہ تعلقات میں منسلک ہیں اوراہم علاقائی اوربین الاقوامی امورپردونوں ممالک یکساں موقف رکھتے ہیں۔ انہوں نے ان خیالات کااظہارپاکستان میں سعودی عرب کے سفیرنواف سعیدالمالکی سے ملاقات میں گفتگوکرتے ہوئے کہی۔سعودی عرب کے سفیرنے وزیر اقتصادی امور کا منصب سنبھالنے پرعمرایوب خان کومبارکباد دی۔
ملاقات میں دونوں رہنماؤں نے پاکستان اورسعودی عرب کے درمیان جاری دوطرفہ اقتصادی تعاون پرتفصیلی تبادلہ خیال کیا اور دونوں ممالک کے باہمی استفادہ کیلئے تعاون کی موجودہ سطح کو بڑھانے پراتفاق کیا۔سعودی عرب کے سفیرنے کہاکہ ان کاملک پاکستان کی اقتصادی ترقی میں زیادہ مضبوط کرداراداکرنے کیلئے تیارہے۔ وفاقی وزیراقتصادی امورعمرایوب خان نے خادم حرمین شریفین کی قیادت میں سعودی عرب کی پیش رفت اورترقی پرسعودی حکومت کو مبارکباددی۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی حکومت اورعوام سعودی عرب کوقدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے۔
دونوں ممالک کے درمیان تعاون کی موجودہ سطح باہمی اعتماد اوربھائی چارہ میں پنہاں ہے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان اورسعودی عرب قریبی دوستانہ اوربرادارنہ تعلقات میں منسلک ہیں اوراہم علاقائی اوربین الاقوامی امورپردونوں ممالک یکساں موقف رکھتے ہیں۔ عمرایوب خان نے کہاکہ سعودی عرب نے ہمیشہ پاکستان میں صحت، تعلیم، بنیادی ڈھانچہ اورتوانائی سمیت متعددشعبہ جات میں قرضوں اورگرانٹس کی صورت میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فراخدلانہ معاونت فراہم کی ہے۔ انہوں نے فروری 2019 میں سعودی ولی عہدشہزادہ محمدبن سلمان کے دورہ پاکستان کاخصوصی طورپرذکرکیا اورکہاکہ اس دورے سے دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات مزیدمضبوط ہوئے ہیں۔
سعودی عرب کے سفیرنے اہم بین الاقوامی اورسفارتی امورمیں پاکستان کی حمایت کی تعریف کی اوراس امید کااظہارکیا کہ دونوں ممالک حفاظتی اقدامات اورویکسین کی فراہمی کے عمل کوکامیاب بنانے کے ذریعہ کوویڈ 19 کی وبا سے نکلنے میں کامیابی حاصل کریں گے۔سعودی سفیرنے مملکت سعودی عرب کے مختلف شعبوں میں پاکستانی کارکنوں کے مثبت اورتعمیری کردار کی بھی تعریف کی۔ ملاقات میں فریقین نے دوطرفہ سماجی، اقتصادی، تجارتی، ثقافتی اورسفارتی تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کااعادہ کیا۔