پاکستان کی حکومت اورعوام کی طرف سے اپنے ترک بھائیوں اوربہنوں کویکجہتی اوراخوت کا پیغام دینے کے لئے ترکیہ جا ررہا ہوں،وزیراعظم شہبازشریف

127
شہباز شریف

اسلام آباد۔16فروری (اے پی پی):وزیراعظم محمدشہباز شریف نے کہاہے کہ وہ پاکستان کی حکومت اورعوام کی طرف سے اپنے ترک بھائیوں اوربہنوں کویکجہتی اور اخوت کا پیغام دینے کے لئے ترکیہ جا رہے ہیں۔

جمعرات کواپنے ٹویٹ میں وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان اور ترکیہ کے عوام اگرچہ دو الگ ریاستوں کے شہری لیکن ایک قوم کی طرح یکجان و یک قالب ہیں اور ہم ان کے نقصان کو اپنانقصان سمجھتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والی تباہی سے کوئی حکومت تنہا نہیں نمٹ سکتی۔ کوئی بھی ملک خواہ وہ کتنا ہی وسائل سے مالا مال ہو،اتنے بڑے پیمانے پر ہونے والی تباہی کا مقابلہ اکیلے نہیں کر سکتا۔ انہوں نے کہا کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا انسانیت کی مشکلات اور تکالیف کے حل کے لئے تعاون بڑھائے۔