اسلام آباد۔8جولائی (اے پی پی):پاکستان کی حکومت اور عوام نے کشمیری نوجوان رہنماءبرہان وانی کو ان کے چھٹے یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے جنہوں نے کشمیری عوام کی حق خودارادیت کے لئے جاری جدوجہد میں بے لوث خدمات سرانجام دیں۔
دفتر خارجہ کے ترجمان نے جمعہ کو جاری بیان میں کشمیر کی جدوجہد آزادی کے رہنماءاور حق خودارادیت کی تحریک کے ایک چہرے کے طور پر برہان وانی کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک بار پھر بھارتی حکومت پر زور دیتا ہے کہ وہ طاقت کے اندھا دھند استعمال اور کشمیریوں بالخصوص نوجوانوں کو مسلسل نشانہ بنانے سے باز رہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے عالمی برادری پر بھی زور دیا کہ وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر تنازعہ کے منصفانہ اور پرامن حل کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔