پاکستان کی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ، خواتین کے سفارتکاری، حکومت، کاروبار، اور دیگر شعبوں میں اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں ، اسحاق ڈار کا عالمی یومِ نسواں پر پیغام

86

اسلام آباد۔8مارچ (اے پی پی):نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ پاکستان کی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور اس سلسلے میں تعلیم تک مساوی رسائی، معاشی مواقع میں اضافہ، اور ترقی پسند پالیسیوں پر عملدرآمد جاری ہے، ہم خواتین کے سفارتکاری، حکومت، کاروبار، اور دیگر شعبوں میں اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے ہماری قومی ترقی میں نمایاں تعاون کو تسلیم کرتے ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ کی طرف سے ہفتہ کو جاری بیان کے مطابق یہ بات انہوں نے بین الاقوامی یومِ نسواں 2025 پر اپنے پیغام میں کیا۔

نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈارنے کہا ہے کہ بین الاقوامی یومِ نسواں کے موقع پر، ہم زندگی کے تمام شعبوں میں خواتین کے قابلِ تحسین کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں، پاکستان اور دنیا بھر میں خواتین نے معاشروں کی تشکیل، ترقی کے فروغ اور آنے والی نسلوں کی رہنمائی میں ناگزیر کردار ادا کیا ہے۔ ان کی لچک، عزم، اور غیر معمولی کامیابیاں ان کی طاقت کی گواہ ہیں اور ہماری قوم کے لیے فخر کا باعث ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی حکومت خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے پرعزم ہے، اور اس سلسلے میں تعلیم تک مساوی رسائی، معاشی مواقع میں اضافہ، اور ترقی پسند پالیسیوں پر عملدرآمد جاری ہے۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے کہا کہ ہم خواتین کے سفارتکاری، حکومت، کاروبار، اور دیگر شعبوں میں اہم کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں اور ان کے ہماری قومی ترقی میں نمایاں تعاون کو تسلیم کرتے ہیں، ہم ایک ایسے ماحول کو فروغ دینے کی کوشش کر رہے ہیں جہاں ہر خاتون کو اپنی پوری صلاحیتوں کو بروئے کار لانے اور اجتماعی ترقی میں بامعنی طور پر حصہ لینے کا موقع ملے۔ اس اہم دن کے موقع پر، ہمیں صنفی مساوات اور خواتین کے حقوق کی ترقی کے لیے اپنے عزم کی تجدید کرنی چاہیے۔

نائب وزیر اعظم نے کہا کہ ایک ایسا معاشرہ جو خواتین کو بااختیار بناتا ہے، وہ ترقی کرتا ہے۔ ہمیں مل کر رکاوٹوں کو توڑنا ہے، فرسودہ تصورات کو چیلنج کرنا ہے اور ایک ایسا مستقبل تعمیر کرنا ہے جہاں خواتین اور مرد خوشحالی اور ترقی کے سفر میں برابر کے شراکت دار ہوں۔ سینیٹر اسحاق ڈار نے سب کو یومِ نسواں کی مبارکباد بھی دی ۔