وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بین الاقوامی سطح پر نتائج دے رہی ہے، ملک بہتر اقتصادی تبدیلی کی جانب گامزن ہے ، آنے والے مہینوں میں قومی اہداف حاصل کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔
پاکستان کی خارجہ پالیسی بین الاقوامی سطح پر نتائج دے رہی ہے ، آنے والے مہینوں میں قومی اہداف حاصل کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی، بیرسٹر دانیال چوہدری

مزید خبریں
اسلام آباد۔27جون (اے پی پی):وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات و نشریات بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا ہے کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی بین الاقوامی سطح پر نتائج دے رہی ہے، ملک بہتر اقتصادی تبدیلی کی جانب گامزن ہے ، آنے والے مہینوں میں قومی اہداف حاصل کرنے اور مہنگائی پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ ہفتہ کو سرکاری نیوز چینل سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) کی قیادت میں حکومت کو معیشت خطرے کے دہانے پر ملی تھی لیکن اس نے کامیابی کے ساتھ ملک کو بحران سے نکال کر استحکام، بحالی اور بین الاقوامی اعتماد کی تجدید کی جانب آگے بڑھایا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان اب معاشی استحکام اور ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اہم میکرو اکنامک اشاریے بہتر ہو رہے ہیں اور سرمایہ کاروں کا اعتماد بتدریج بحال ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ملک کی خارجہ پالیسی میں نمایا ں کامیابیاں ملی ہیں جو پاکستان کی بین الاقوامی مصروفیات اور سفارتی ساکھ کی بحالی میں ایک تاریخی کامیابی ہے۔ بیرسٹر دانیال چوہدری نے کہا کہ پاکستان اپنے پیروں پر کھڑا ہو گیا ہے اور اب پائیدار استحکام اور ترقی کی طرف بڑھنے کی پوزیشن میں ہے، افراط زر کا دباؤ بتدریج کم ہو رہا ہے اور معاشی حالات میں مسلسل بہتری دکھائی دے رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل قریب میں ایران کے ساتھ وسیع تجارتی تعلقات کی توقع ہے جس سے روزگار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور معیشت کے متعدد شعبوں میں اقتصادی سرگرمیوں کو تقویت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ بجٹ کو طویل مدتی اور ساختی وژن کے ساتھ ڈیزائن کیا گیا ہے، جس میں ٹیکسٹائل، ہاؤسنگ، برآمدات، مینوفیکچرنگ، انفراسٹرکچر، آئی ٹی اور ترسیلات زر پر توجہ دی گئی ہے۔ حکومت کا بنیادی مقصد واضح اہداف کے ساتھ آنے والے مہینوں میں پائیدار ترقی اور معاشی استحکام کو یقینی بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے لیے بہتر دن آنے والے ہیں۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ جاری اقتصادی اصلاحات، بہتر استحکام اور مضبوط خارجہ تعلقات آنے والے وقت میں مثبت نتائج دیتے رہیں گے۔








