اسلام آباد۔3مارچ (اے پی پی):پاکستان بلائنڈ وویمن کرکٹ ٹیم آئندہ ماہ اپریل میں آسٹریلوی بلائنڈ وویمن کرکٹ ٹیم کے خلاف پانچ ٹی 20میچوں کی سیریز کھیلنے کے لئے آسٹریلیا کا دورہ کرے گی۔پیر کو پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل (پی بی سی سی) کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے ’’اے پی پی ‘‘کو بتایا کہ یہ تاریخی دورہ ٹیم کا پہلا بین الاقوامی دورہ ہوگا۔انہوں نے بتایا کہ 20 سے 26 اپریل تک ہونے والی سیریز کے لئے 17 رکنی سکواڈ کا انتخاب کیا جائے گا۔
ٹیم 17 اپریل کو آسٹریلیا کے لئے روانہ ہوگی۔17 کھلاڑیوں اور چار آفیشلز پر مشتمل 21 رکنی دستہ سیریز کے لئے آسٹریلیا جائے گا۔ تیاری کے سلسلے میں قومی ٹیم 6 سے 16 اپریل تک لاہور میں تربیتی کیمپ لگائے گی۔سیدسلطان شاہ نے گزشتہ 6 سال میں پاکستان خواتین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کی مسلسل حمایت پر آسٹریلوی ہائی کمیشن کا شکریہ ادا کیا۔