
اسلام آباد ۔ 12 فروری (اے پی پی) لوک ورثہ میں وفاقی محتسب سیکرٹریٹ نے ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ کیلئے وفاقی محتسب اور پوٹھوہار آرگنائزیشن فار ڈیویلپمنٹ ایڈوکیس (پوڈا) کے تعاون سے خواتین کے قومی دن کی مناسب سے خصوصی پروگرام کا اہتمام کیا، پروگرام کی مہمان خصوصی خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف تحفظ کیلئے وفاقی محتسب کشمالہ طارق تھیں۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں کشمالہ طارق نے کہا کہ آج کا دن پاکستانی عورتوں کیلئے تجدید عہد کا دن ہے، انہوں نے اس دن کو خاص طور پر منانے کا اہتمام کرنے پر لوک ورثہ کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ پاکستانی خواتین بہادر اور پرعزم ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی آبادی کا 50 فیصد سے زائد خواتین پر مشتمل ہے، خواتین مردوں کے شانہ بشانہ کام کریں گی تو ملک ترقی کرے گا، نیا پاکستان کوئی ایک شخص نہیں بناسکتا بلکہ ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا تاکہ پاکستان ترقی کی منازل طے کرے۔ انہوں نے کہاکہ ہمارا معاشرہ زبوں حالی کا شکار نہیں بلکہ ہمیں اس معاشرے کی بہتری کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہاکہ خواتین کو اس بات سے باہر نکلنا ہوگا کہ لوگ کیا کہیںگے کیونکہ لوگ تو ہر حال میں کچھ نہ کچھ کہیںگے، ہر کسی کو اپنی زندگی بھرپور طریقے سے جینے کا حق ہے، پاکستانی خواتین کسی سے کم نہیں ہیں۔انہوں نے کہا کہ کام کرنے والی خواتین عدم تحفظ کا شکار نہ ہوں کیونکہ اب پاکستان میں ایسا ادارہ موجود ہے جو ان کی داد رسی کیلئے ہر وقت موجود ہے جہاں بروقت انصاف ملتا ہے اور اس کیلئے کسی چیز کی ضرورت نہیں ہے بس خواتین ہمت کریں اور اپنے اندر کے خوف کو ختم کر کے اپنے ساتھ ہونے والی زیادتی ہمیں بتائیں ہم انہیں انصاف فراہم کریں گے۔ انہوں نے کہاکہ اپنے عہدے کا چارج لینے کے بعد انہوں نے 8 سال کا کام 11ماہ میں کردیا، ہم علاقائی دفاتر بھی کھولنا چاہتے ہیں کیونکہ خیر جتنی بانٹی جائے اتنا بہتر ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی خواتین کے پاس آگے بڑھنے کے مواقع موجود ہیں، خواتین کو اپنے تحفظ کیلئے کسی ہچکچاہٹ کے بغیر ہم سے رجوع کرنا چاہئے ہم ان کیلئے ہر وقت موجود ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کام کرنے والی خواتین میں دفاتر سے لے کر کھیتوں میں کام کرنے والی خواتین تک آتی ہیں اور ان تمام خواتین کے حقوق کا تحفظ ہمارا فرض ہے۔ کشمالہ طارق نے کہاکہ پاکستان میںپارلیمنٹ میں خواتین کی نمائندگی 17 فیصد ہے لیکن ابھی بھی یہ تعداد کم ہے اور یہ بھی مخصوص نشستوں پر ہیں۔ کشمالہ طارق نے کہاکہ بعض لوگ سمجھتے ہیں کہ ہمارے دائرہ کار میں صرف سرکاری دفاتر آتے ہیں ایسا نہیں ہے، ہمارے دائرہ کار میں پاکستان کی تمام خواتین آتی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بہادر خواتین آگے بڑھیں،اپنی آواز اٹھائیں، سپیک اپ ، سٹینڈ اپ اپنی آواز بلند کریں اور معاشرے میں اپنا کردار مثبت انداز میں ادا کریں۔ انہوں نے کہاکہ خواتین عزت اور وقار کے ساتھ رہیں گی تو معاشرہ بہتر ہوگا اور ملک ترقی کرے گا۔ کشمالہ طارق نے کہا کہ خواتین کی تربیت کیلئے ہم مختلف اداروں میں تربیتی ورکشاپس کا بھی انعقاد کرتے ہیں، اس سلسلے میں بھی خواتین ہم سے رابطہ کرسکتی ہیں۔انہوں نے خاص طور پر ہنزہ کی خواتین کی تعریف کرتے ہوئے کہاکہ وہ جس انداز سے آگے بڑھ رہی ہیں وہ سب خواتین کیلئے مشعل راہ ہے۔اس موقع پر دیگر مقررین نے خطاب کے دوران کہاکہ پاکستان کی خواتین ہر شعبہ میں اپنا کردار بھرپور طریقے سے ادا کر رہی ہیں تاہم ان کی مزید حوصلہ افزائی کرنے کی ضرورت ہے۔ اس موقع پر لوک گلوکاروں اور موسیقاروں نے انہتائی عمدہ لوک گیت پیش کرکے حاضرین سے بے حد داد وصول کی جبکہ فاٹا سے تعلق رکھنے والی خاتون نے علاقائی داستان پیش کی، لوک ورثہ نے اس دن کی مناسبت سے ملک بھر سے ہنر مند خواتین اور دستکاروں کو مدعو کر رکھا تھا جن کی دستکاریوں کے سٹالز بھی لگائے گئے تھے۔ کشمالہ طارق کے علاوہ لوک ورثہ کی ایگزیکٹو ڈائریکٹر شاہیرہ شاہد نے ان سٹالز کا بھی دورہ کیا اور ہنرمند خواتین کو داد دی۔