اسلام آباد۔22مارچ (اے پی پی):وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان کی خودمختاری کے تحفظ کے لیے مضبوط اقدامات کئے جائیں گے، پی ٹی آئی کی بد نیتی پر مبنی سوشل میڈیا پر جاری’’ڈیجیٹل دہشت گردی‘‘ مزید برداشت نہیں کی جائے گی۔
وزیر مملکت برائے مذہبی امور کھیل داس کوہستانی نے ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پی ٹی آئی نے منفی بیانیہ اپنایا ہے اور پاکستان کے استحکام اور خودمختاری کو نقصان پہنچانے کے لیے "ڈیجیٹل دہشت گردی” کر رہی ہے، اس حوالہ سے زیرو ٹالرنس کا مظاہرہ کیا جائے گا۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت ملک کے تحفظ کے لیے قانون اور آئین کے تحت ہر قدم اٹھائے گی۔ وزیر مملکت نے جعفر ایکسپریس واقعے پر پی ٹی آئی کے ردعمل پر بھی اپنے شدید تحفظات کا اظہار کیا۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا کوئی رکن اس واقعے کے حوالے سے اجلاس میں شریک نہیں ہوا اور ان کے بانی نے بھی حملے کی مذمت نہیں کی ، پی ٹی آئی نے مبینہ طور پر سوشل میڈیا پر دشمن کے بیانیے کو فروغ دیا۔وزیر مملکت نے کہا کہ جعفر ایکسپریس واقعے کے بعد پی ٹی آئی نے غیر ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے اور مولانا فضل الرحمان بھی اس حوالے سے اجلاس میں پی ٹی آئی کی عدم شرکت پر حیران ہیں۔
وزیر مملکت نے کے پی کے میں دہشت گردی کی بگڑتی ہوئی صورتحال پر بھی تشویش کا اظہار کیا اور دہشت گردی کے بڑھتے ہوئے خطرے سے نمٹنے کے لیے قومی اتحاد اور تعاون کی ضرورت پر زور دیا ۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ اس لعنت کے خلاف لڑنے کے لیے اجتماعی کوشش کی ضرورت ہے لیکن پی ٹی آئی کے اقدامات اس اتحاد کو کمزور کر رہے ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=575416