پاکستان کی خوشحالی بلوچستان کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں،نوابزادہ جمال رئیسانی

10
Prince Jamal Raisani
Prince Jamal Raisani

کوئٹہ۔ 16 جون (اے پی پی):پاکستان پیپلزپارٹی کے رکن قومی اسمبلی نوابزادہ جمال خان رئیسانی نے کہاہے کہ پاکستان کی خوشحالی بلوچستان کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں بلوچستان کو صرف سنا ہی نہیں جانا چاہیے بلکہ اسے برابری کے ساتھ قومی ترقی کے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے۔نوجوانوں کو صرف وعدے نہیں بلکہ وافر مواقع فراہم کرنے چاہئیں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے اپنے جاری کردہ بیان میں کیا۔ نوابزادہ جمال رئیسانی نے کہاکہ بحیثیت نوجوان نمائندہ بلوچستان کے نوجوانوں اور اپنے حلقے کے عوام کیلئے بھرپور آواز بلند کروں گا۔

انہوں نے کہاکہ شفافیت، وسائل کی مساوی تقسیم اور بلوچستان کی ترقی ہر بجٹ کا اولین حصہ ہونی چاہیے،میں نے بلوچستان کے نوجوانوں کی محرومیوں، تعلیم، روزگار اور بااختیاری پر کھل کر بات کی ہے اور میں یہ یقین رکھتا ہوں کہ پاکستان کی خوشحالی بلوچستان کی شراکت کے بغیر ممکن نہیں بلوچستان کو صرف سنا ہی نہیں جانا چاہیے بلکہ اسے برابری کے ساتھ قومی ترقی کے عمل میں شامل کیا جانا چاہیے،نوجوانوں کو صرف وعدے نہیں بلکہ وافر مواقع فراہم کرنے چاہئیں،

میں اپنے بلوچستان کی عوام سے وعدہ کرتا ہوں کہ انکے حقوق کے لیے آواز اٹھاتا رہوں گا۔انہوں نے کہاکہ ایم ای ایم آر آئیز بلوچستان سٹڈیز پروجیکٹ کا آغاز پاکستان کے خلاف ہائبرڈ جنگ میں اضافے کااشارہ ہے ،میرے والد قوم کی دفاع کرتے ہوئے شہید ہوئے وہ اکثر اس طرح کے بیرونی مداخلت سے خبر کرتے تھے اس ایجنڈے کے خلاف پاکستانی قوم میں بلوچستان کے بیانیہ ،معلومات اور لوگوں میں شعور وآگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے ۔