31.6 C
Islamabad
ہفتہ, مئی 10, 2025
ہومزرعی خبریںپاکستان کی زرعی ترقی میں فیملی فارمنگ کا اہم کردار،670ملین فارمز میں...

پاکستان کی زرعی ترقی میں فیملی فارمنگ کا اہم کردار،670ملین فارمز میں سے فیملی فارمز کی تعداد 600 ملین سے تجاوز کر گئی،ماہرین جامعہ زرعیہ

- Advertisement -

فیصل آباد۔ 21 اکتوبر (اے پی پی):دنیا بھر کے دیگر ممالک کی طرح پاکستان میں بھی زرعی ترقی میں فیملی فارمنگ اہم کردار ادا کررہاہے جبکہ دنیا بھر میں کل 670ملین فارمز میں سے فیملی فارمز کی تعداد 600 ملین سے تجاوز کر گئی ہے نیز پاکستان میں بڑی تعدادمیں بچے بھی زراعت میں ماں باپ کاہاتھ بٹا کر سرسبز زرعی انقلاب لانے کاپیش خیمہ ثابت ہو سکتے ہیں۔ جامعہ زرعیہ فیصل آباد کے ماہرین اینیمل سائنسز و لائیو سٹاک نے اے پی پی کو بتایاکہ فیملی فارمز سے دنیا کی 65فیصد زرعی پیداوار حاصل کی جارہی ہے اور اس وقت عالمی سطح پر 85فیصد سے زائد فیملی فارمز براعظم ایشیا کی زرعی اراضی پر واقع ہیں۔

انہوں نے بتایاکہ83فیصد فارم شمالی ووسطی امریکہ،62فیصد فارمز افریقہ، 18فیصد فارم جنوبی امریکہ کی زرعی زمینوں پر قائم کئے گئے ہیں لہٰذا اگر اس لحاظ سے دیکھا جائے تو سب سے زیادہ فیملی فارم براعظم ایشیا کی زرعی اراضی پر قائم کئے گئے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ پاکستان میں بھی زرعی ترقی میں فیملی فارمنگ انتہائی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ پنجاب سمیت دیگر صوبوں کے اکثر علاقوں میں خواتین اور بوڑھے افراد بھی کھیتوں میں ایک دوسرے کے شانہ بشانہ کام کرتے نظر آتے ہیں اسی طرح بچے بھی زراعت میں اپنے ماں باپ کاہاتھ بٹا رہے ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایاکہ اگر ان افراد کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی اور مستقبل کے تقاضوں کو مد نظر رکھ کرزرعی تربیت کی جائے تو انہیں مزید کارآمد بنایاجاسکتاہے۔ انہوں نے بتایاکہ محکمہ زراعت نے پنجاب میں دالوں اور سبزیوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے فیملی فارمنگ کو فروغ دیاہے جس کے تحت کچن گارڈننگ کاپروگرام بھی شروع کیاگیاہے جس میں خواتین، گھرکے معمر افراد اور بچے بھی خصوصی دلچسپی لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ زرعی لوازمات اور کیمیائی کھادوں و کرم کش ادویات کے بڑھتے ہوئے استعمال سے پیدا ہونے والے مسائل کو روکنے کی جانب بھی خصوصی توجہ مرکوز کی جارہی ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=515026

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں