کوئٹہ۔ 13 اگست (اے پی پی):بلوچستان کے سینئر صوبائی وزیر پیپلز پارٹی کے سینٹرل کمیٹی کے رکن و پارلیمانی لیڈر اور صوبائی وزیر آبپاشی میر محمد صادق عمرانی نے 78 ویں یوم آزادی ( معرکہ حق )کے موقع پر اپنے پیغام میں پاکستانی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا ملک ہے اور عوام کی جان ہے، پاکستان کی سالمیت، خود مختاری اور استحکام ہماری بقاءکی ضمانت ہے۔ انہوں نے نے کہا کہ ملک کے اندر آئین، قانون، مساوات اور فراہمی انصاف جمہوریت کی اصل روح ہے لہذا اس مبارک دن کے موقع پر ہمیں اس عزم کی تجدید کرنے کی ضرورت ہے کہ ہم ملک کی تعمیر و ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے اپنا سب کچھ قربان کرنے سے دریغ نہیں کریں گے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ آج ہمیں دشمنوں سے خطرات لاحق ہیں لہذا جو قوتیں پاکستان کی وحدت اور سالمیت کے خلاف سازشیں کر رہی ہیں ہمیں یک جان ہوکر ان تمام دشمنوں کو منہ توڑ جواب دینا ہوگا۔میر محمد صادق عمرانی نے کہا کہ پاکستان کی دفاع افواج پاکستان کے مضبوط ہاتھوں میں ہے جو دشمن کی کسی بھی جارحیت کا جواب دینے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا عزم پاکستان کی دفاعی قوت کو مضبوط اور ناقابل تسخیر بنانا ہے تاکہ بین الاقوامی دشمنوں کا مقابلہ کیا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آزادی اللہ پاک کی عطا کردہ نعمتوں میں سے ایک عظیم نعمت ہے ۔میر محمد صادق نے کہا کہ اس ملک کی آزادی کے لیے ہمارے آباو اجداد نے اپنی قیمتی جانوں کا نذرانہ پیش کیا تھا
لہذا بحیثیت قوم ہم سب کی مشترکہ ذمہ داریوں میں شامل ہے کہ ہم اندرونی اور بیرونی خطرہ سے نمٹنے کے لیے باہمی اتفاق و اتحاد کے ذریعے سازشوں کا مقابلہ کریں۔