28.8 C
Islamabad
جمعہ, مئی 16, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کی سالمیت پر جو بھی حملہ ہوگا اسکے خلاف ہمارا جواب...

پاکستان کی سالمیت پر جو بھی حملہ ہوگا اسکے خلاف ہمارا جواب فوری اور یقینی ہوگا، لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری

- Advertisement -

راولپنڈی ۔15مئی (اے پی پی):پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ درحقیقت پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ کی گنجائش نہیں ہے، دونوں ایٹمی قوت کے حامل ممالک ہیں،پاکستان کی سالمیت پر جو بھی حملہ ہوگا اسکے خلاف ہمارا جواب فوری اور یقینی ہوگا۔ وہ جمعرات کو برطانوی نشریاتی ادارے اسکائی نیوز کو دیئے گئے ایک انٹرویو میں اظہار خیال کررہے تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے خبردار کیا کہ بھارت کی جانب سے جنگ بندی کی کسی بھی خلاف ورزی کا پاکستان کی طرف سے فوری اور یقینی جواب دیا جائے گا اور انہوں نے متنبہ کیا کہ دونوں ممالک کے درمیان سنگین کشیدگی باہمی تباہی کا باعث بن سکتی ہے۔ انہوں نے بھارت پر ( مقبوضہ کشمیر میں) بھاری فوجی موجودگی کے ساتھ کشمیر کے مسئلے کو داخلی بنانے اور عوام کو ہراساں کرنےکی کوشش کرنے کا الزام عائد کیا۔ یہ ایک ایسا مسئلہ ہے جسے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد کے مطابق کشمیری عوام کو حل کرنا ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہاکہ جو کوئی بھی ہماری علاقائی سالمیت اور خودمختاری کی خلاف ورزی کرنے کی کوشش کرے گا تو ہمارا جواب منہ توڑ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ایٹمی صلاحیت رکھنے والے پڑوسیوں کے درمیان سنگین کشیدگی دونوں ملکوں کو تباہ کر دےگی، اگربھارت یہ سوچتا ہےکہ وہ جنگ کےلیے کوئی بہانہ تراش سکتا ہے تو یہ حقیقت میں دوطرفہ تباہی کی وجہ ہوگی۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ امریکا جیسے ممالک جوہری خطرات کے پیش نظر بھارتی عزائم کو بخوبی جان چکے ہیں، اگر بھارت نے جنگ بندی کی خلاف ورزی کی تو پاکستان اس کا فوری اور سخت ترین جواب دےگا، پاکستان کا مؤقف ہےکہ اس نے ایک بہت بڑی فوجی فتح حاصل کرلی ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت اس بات پر ناراض ہے کہ امریکا اس بحران کے دوران مسئلہ کشمیر کو اجاگر کر رہا ہے، امریکا کے لیے اصل امتحان یہ ہے کہ وہ بھارت پر کتنا دباؤ ڈال سکتا ہے۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=597583

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں