لاہور۔27اپریل (اے پی پی):پاکستان فرنیچر کونسل کے سی ای او میاں کاشف اشفاق نے کہا ہے کہ کسی بھی بیرونی خطرے کے مقابلے کے لیے ہم مسلح افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ اتوار کو کونسل کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم بھارت کی طرف سے حالیہ اشتعال انگیزیوں، علاقائی استحکام کو نقصان پہنچانے کی کوششوں اور مذموم بھارتی عزائم کی شدید مذمت کرتے ہیں۔
پاکستان کی مسلح افواج کو پوری قوم کی بھر پور حمایت حاصل ہے اور وہ بھر پور عزم کے ساتھ کسی بھی بیرونی سازش اور جارحیت کا مقابلہ کرنے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔ پی ایف سی اس عزم کا اعادہ کرتی ہے کہ پاکستان کی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
میاں کاشف اشفاق نے کہا کہ ہم تمام مکاتب فکر، زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد اور خاص طور پر بزنس کمیونٹی سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ متحد اور یک زبان ہو کر مسلح افواج کی حمایت کھڑے ہو جائیں۔ یہ اتحاد اور ہم آہنگی پاکستان کے مفادات اور جغرافیائی سرحدوں کے تحفظ کے لیے انتہائی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان ناقابل تسخیر ہے اور ہم اپنی آزادی کا دفاع کرنے اور کسی بھی قسم کے جارحانہ عزائم کو ناکام بنانے کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588463