اسلام آباد۔20مارچ (اے پی پی):پاکستان نے سعودی عرب کے علاقہ جیزان پرحوثیوں کے بیلسٹک میزائل حملہ کی شدید مذمت کی ہے جس کا مقصد شہری بنیادی ڈھانچہ اور اقتصادی تنصیبات کو نشانہ بناناتھا۔
دفترخارجہ کے ترجمان نے اتوارکویہاں جاری بیان میں کہاہے کہ رائل سعودی ائیر ڈیفنس فورس کی جانب سے بیلسٹک میزائل کو کامیابی سے نشانہ بنانے سے معصوم جانوں کے ضیاع کو روکا گیا جو قابل تعریف ہے۔ترجمان نے کہاکہ اس طرح کے حملے نہ صرف بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی بلکہ مملکت سعودی عرب اور خطے کے امن و سلامتی کے لیے بھی خطرہ ہیں۔
ترجمان نے کہاکہ پاکستان ان حملوں کو فوری طورپر بند کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ترجمان نے کہاکہ مملکت سعودی عرب کی جانب سے اپنی سلامتی اور علاقائی سالمیت کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے میں پاکستان سعودی عرب کے ساتھ اپنی مکمل حمایت اور یکجہتی کا اعادہ کرتا ہے۔