پاکستان کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں ، وزیر دفاع

وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ملک کا تشخص اب امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ سے منسلک ہو رہا ہے،

اسلام آباد۔24جون (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں اور ملک کا تشخص اب امن، استحکام اور مذاکرات کے فروغ سے منسلک ہو رہا ہے، حکومت کی پالیسیوں اور سول و عسکری قیادت کے باہمی تعاون کے باعث پاکستان عالمی سطح پر ایک ذمہ دار اور مثبت کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر ابھر رہا ہے۔بدھ کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع نے کہا کہ خطے میں تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے بلوچستان میں پائیدار امن ناگزیر ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی راہداریوں، ٹرانزٹ ٹریڈ اور نقل و حمل کے مختلف منصوبوں سے نہ صرف ملکی معیشت کو فائدہ پہنچے گا بلکہ بلوچستان کے عوام بھی براہِ راست مستفید ہوں گے جس سے صوبے میں ترقی اور استحکام کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان نے حالیہ عرصے کے دوران عالمی سطح پر مثبت سفارتی کردار ادا کیا ہے جس کے نتیجے میں ملک کی ساکھ میں نمایاں بہتری آئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایک وقت تھا جب پاکستان کا ذکر دہشت گردی اور سکیورٹی مسائل کے تناظر میں کیا جاتا تھا، تاہم آج عالمی برادری پاکستان کو امن، مفاہمت اور علاقائی استحکام کے لیے کردار ادا کرنے والے ملک کے طور پر دیکھ رہی ہے۔وزیر دفاع نے وزیراعظم شہباز شریف اور چیف آف آرمی سٹاف فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہتے ہوئے کہا کہ دونوں رہنماؤں نے ملک کو سیاسی، معاشی اور آئینی استحکام کی راہ پر گامزن رکھنے کے لیے مؤثر اور ذمہ دارانہ کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ قیادت قومی مفاد کو مقدم رکھتے ہوئے ملک کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے مشترکہ حکمت عملی کے تحت آگے بڑھ رہی ہے۔ایک سوال کے جواب میں خواجہ محمد آصف نے کہا کہ سول اور عسکری قیادت کے درمیان ہم آہنگی کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ریاستی اداروں کے درمیان تناؤ اور اختلافات سے ملک کو نقصان پہنچا، تاہم موجودہ قیادت اس حقیقت سے بخوبی آگاہ ہے کہ پاکستان کی ترقی، خوشحالی اور استحکام کے لیے تمام اداروں کو اپنی آئینی حدود میں رہتے ہوئے باہمی تعاون کے ساتھ کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ قومی مسائل کے حل اور ریاستی نظام کے مؤثر انداز میں چلانے کے لیے اداروں کے درمیان تعاون اور اعتماد ناگزیر ہے، اور یہی طرزِ عمل ملک کو درپیش سیاسی و معاشی چیلنجز سے نمٹنے میں مدد فراہم کر رہا ہے۔خواجہ محمد آصف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت ملک میں سیاسی استحکام، معاشی ترقی اور قومی یکجہتی کے فروغ کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی تاکہ پاکستان کو ایک مضبوط، مستحکم اور خوشحال ریاست بنایا جا سکے۔

مزید خبریں