32.1 C
Islamabad
جمعہ, مئی 30, 2025
ہومقومی خبریںپاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی ضمانت ایک مضبوط معیشت، جدید ٹیکنالوجی...

پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی ضمانت ایک مضبوط معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور قومی اتحاد میں مضمر ہے، احسن اقبال

- Advertisement -

اسلام آباد۔29مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی اور خودمختاری کی ضمانت ایک مضبوط معیشت، جدید ٹیکنالوجی اور قومی اتحاد میں مضمر ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کی جانب سے یوم تکبیر کے موقع پر منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انہوں نے عدلیہ، پالیسی سازوں، کاروباری رہنمائوں اور تمام شعبہ ہائے زندگی کو ایک مشترکہ وژن کے تحت کام کرنے کی اپیل کی تاکہ پاکستان کو ترقی یافتہ اقوام کی صف میں شامل کیا جا سکے۔

- Advertisement -

تقریب میں معروف قانونی شخصیات جن میں صدر بار واجد گیلانی، جنرل سیکریٹری منظور احمد رضا، صدر وکلاء فورم فضل الرحمان نیازی اور دیگر ممتاز وکلاء نے شرکت کی۔احسن اقبال نے کہا کہ یوم تکبیر صرف ایٹمی طاقت کے اظہار کا دن نہیں بلکہ یہ قومی خودداری، حوصلے اور اجتماعی عزم کی علامت ہے۔ انہوں نے بھارت کی جانب سے مئی 1998ء میں کیے گئے ایٹمی تجربات اور پاکستان کی جانب سے اس کے جواب میں کیے گئے چھ کامیاب تجربات کو یاد کرتے ہوئے سابق وزیراعظم ذوالفقار علی بھٹو، ڈاکٹر عبدالقدیر خان اور سابق وزیراعظم نواز شریف کو خراج عقیدت پیش کیا۔

انہوں نے حالیہ بھارتی دراندازیوں کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی فضائیہ نے 7 اور 10 مئی 2025ء کو چھ بھارتی طیاروں کو مار گرایا جن میں تین رافیل بھی شامل تھے۔ انہوں نے اسے پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور ٹیکنالوجی کے بہتر استعمال کی عملی مثال قرار دیا۔پروفیسر اقبال نے "اڑان پاکستان” کا تعارف کرواتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ قومی معیشت کو جدید خطوط پر استوار کرنے، نوجوانوں اور خواتین کو بااختیار بنانے، ڈیجیٹل انفراسٹرکچر کو وسعت دینے اور سائنسی تحقیق و ترقی میں سرمایہ کاری پر مرکوز ہے۔

انہوں نے وکلاء برادری کے جمہوریت، قانون کی حکمرانی اور آئینی تسلسل کے لیے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ سیاسی جماعتوں کو بھی انہی اصولوں کو اپنانا چاہیے تاکہ ملک میں پائیدار جمہوری نظام فروغ پا سکے۔ وفاقی وزیر نے کہاکہ یوم تکبیر ہمیں یاد دلاتا ہے کہ جب قوم متحد ہو، تو کوئی طاقت اسے جھکا نہیں سکتی۔ اب وقت آ گیا ہے کہ ہم دفاع کے جذبے کو ترقی، تعلیم اور معیشت کے میدان میں منتقل کریں۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602837

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں