اسلام آباد۔28مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سلامتی ہمارا اولین اور آخری مقصد ہے ،ہم امن کے داعی ہیں، جنگ کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں ،جو ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا، اسے عبرتناک جواب ملے گا، یومِ تکبیر صرف ماضی کا احسان نہیں بلکہ مستقبل کا عہد نامہ ہے ۔ ۔
وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے یوم تکبیر پر اپنے پیغام میں کہا کہ آج ہم اس عظیم دن کو یاد کر رہے ہیں جب پاکستان نے چاغی کے پہاڑوں سے دنیا کو یہ پیغام دیا تھا کہ اب ہماری خودمختاری پر آنچ نہیں آنے دیا جائے گا۔ سردار اویس لغاری نے کہا کہ 28 مئی 1998 وہ تاریخی لمحہ تھا جب ہم نے اپنی حفاظت کا ایٹمی ڈھال اپنے ہاتھوں سے تیار کیا۔انہوں نے کہا کہ ہمارا واضح پیغام ہے کہ پاکستان کی سلامتی ہمارا اولین اور آخری مقصد ہے ، ہم امن کے داعی ہیں مگر جنگ کے لیے بھی مکمل طور پر تیار ہیں اور جو بھی ہماری خودمختاری کو چیلنج کرے گا اسے عبرتناک جواب ملے گا ۔
وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ ہمارے سائنسدانوں اور دفاعی ماہرین کی قربانیوں نے ہمیں ناقابل تسخیر بنا دیا ہے ،پاکستان کا ایٹمی پروگرام صرف اور صرف دفاعی ضرورت ہے جس کا مظاہرہ معرکہ حق کے دوران ساری دنیا نے دیکھا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ جو ہمارے امن پسند رویے کو کمزوری سمجھے وہ تاریخ کے اوراق میں ہماری طاقت کا مشاہدہ کر چکا ہے۔ پاکستان کبھی جارحیت نہیں کرے گا مگر جو بھی ہم پر جارحیت کرے گا،اسے عبرتناک شکست ہوگی ۔
وفاقی وزیر سردار اویس احمد خان لغاری نے کہا کہ جس طرح 1998 میں ہم نے دنیا کو اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا، آج بھی ہماری قوم اسی عزم، جذبے اور ولولے کے ساتھ کھڑی ہے۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ یومِ تکبیر صرف ماضی کا احسان نہیں بلکہ مستقبل کا عہد نامہ ہے ۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=602265