اسلام آباد۔15جولائی (اے پی پی):پاکستان نے سویڈن میں تورات اور بائبل کی سرعام بے حرمتی کی اجازت دینے کی مذمت کرتے ہوئےعالمی برادری سے مطالبہ کیاہے کہ وہ یک آواز ہو کر مذہبی منافرت کی ایسی تمام گھناؤنی کارروائیوں کی مذمت کرے۔ہفتہ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان میں ترجمان نے کہا ہے کہ آزادی اظہار رائے کی آڑ میں مذہبی منافرت کی جارحانہ کارروائیوں کو معاف نہیں کیا جا سکتا۔
امن کے مذہب کے طور پر اسلام تمام مذاہب، مقدس شخصیات اور مقدس صحیفوں کے احترام کا مطالبہ کرتا ہے۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ مذاہب، عقائد اور ثقافتوں کے درمیان باہمی احترام، ہم آہنگی اور پرامن بقائے باہمی کو آگے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا ہے،ہم عالمی برادری سے مطالبہ کرتے ہیں کہ وہ یک آواز ہو کر مذہبی منافرت کی ایسی تمام گھناؤنی کارروائیوں کی مذمت کرے، جس سے اس کے پیروکاروں کے جذبات مجروح ہوں اورانہیں جان بوجھ کر اکسایا جائے۔