24.9 C
Islamabad
اتوار, اپریل 27, 2025
ہومتازہ ترینپاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی تحفظ کیلئے پر عزم ہیں،پہلگام واقعہ کی...

پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی تحفظ کیلئے پر عزم ہیں،پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے تعاون کرنے کو تیار ہیں ۔ وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا پریس کانفرنس سے خطاب

- Advertisement -

لاہور۔26اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملکی تحفظ کیلئے پر عزم ہیں،پہلگام واقعہ کی شفاف تحقیقات کیلئے تعاون کرنے کو تیار ہیں ، کالعدم بی ایل اے کے عہدیدار کس سے مل رہے ہیں ہمیں پتہ ہے ،مسئلہ کشمیر کے حوالے سے پاکستان کا موقف واضح ہے ، پاکستان کی معاشی ترقی بھارت کو ہضم نہیں ہو رہی ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہو ئے کیا ۔

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہاکہ حکومت کی مثبت پالیسوں کے نتیجہ میں پاکستان ترقی کی جانب گامزن ہو چکا ہے ، معیشت میں استحکام ہے ،بھارت کو پاکستان کی ترقی ہضم نہیں ہو رہی ، بھارت کی جانب سے پہلگام میں دہشت گردی کا جھوٹا ڈرامہ رچانا پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے جبکہ بھارت کو اس سے فائدہ ہے ،یہ ڈرامہ اس وقت بھارت نے کیا جب ایک غیر ملکی شخصیت دورے پر تھی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور دنیا میں کہیں بھی دہشت گردی کا واقعہ ہو ہم اس کی بھرپور مذمت کرتے ہیں ،اگر پاکستان کو پہلگام واقعہ کی وجہ سے دبانے کی کوشش کی گئی تو پاکستان کا بچہ بچہ آخری دم تک لڑے گا ۔

- Advertisement -

محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں بھارت ملوث ہے اور اس کے ثبوت ہمارے پاس موجود ہیں لیکن پاکستان نے خطے میں امن کی خاطر کوئی شور شرابہ نہیں کیا ۔انہوں نے کہا کہ بھارت کا پہلگام ڈرامہ بے نقاب ہو چکا ہے ، ہم واقعہ کی شفاف تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہیں، دنیا کا کوئی بھی غیر جانبدار ادارہ واقعہ کی شفاف تحقیقات کرے پاکستان بھر پور تعاون کرے گا، تمام ثبوت اور شواہد غیر جانبدار انکوائری کمیٹی کو دیں گے تاکہ دنیا کو پتہ چل سکے کہ کون سا ملک دہشت گرد اور کونسا پر امن ہے،بھارت خود تسلیم کرچکا ہے کہ وہ کینیڈا ، برطانیہ اور پاکستان میں دہشت گردی میں ملوث ہے ۔

محسن نقوی نے کہا کہ پوری قوم اور پاکستان کی سکیورٹی فورسز ملک کے تحفظ کیلئے پوری طرح تیار ہیں ، اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے اور پاکستان کے دریائوں کا پانی بند کرنے کی سازش کرتا ہے تو پاکستان اس کے جواب میں جنگ کے لئے تیا ر ہے ، ہم بھارت سے زیادہ جنگ کے لئے تیار ہیں ہم جنگجو قوم ہیں ،پاکستان ایک پرامن ملک ہے اور کسی کے ساتھ جنگ یا خطے کے حالات کو خراب کرنے کی کوشش نہیں کرے گا، دشمن پاکستان میں لاشیں دیکھنا چاہتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر کو حل کیا جائے ،پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے موقف سے کبھی بھی پیچھے نہیں ہٹے گا ،وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے کیلئے دنیا کے ہر پلیٹ فارم پر آواز اٹھائی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ایجنسیز نے تین دنوں میں مختلف علاقوں سے سات دیسی ساختہ باروردی سرنگیں پکڑی ہیں جن کے ذریعے انڈین انتہاء پسند پاکستان میں دہشت گرد ی کرنے چاہتے تھے لیکن پاکستان کی ایجنسیز نے ان کے ارادوں کو ناکام بنا دیا ۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ حکومت نے کے پی کے میں دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لئے جو آپریشن شروع کر رکھا ہے اس کو سبوتاژ کرنے کیلئے بھارتی دہشت گرد پہلگام اور اس طرح اور دہشت گردی کے واقعات کر کے پاکستانی سکیورٹی فورسز کی توجہ ہٹانا چاہتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور خود مختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے ، پورا ملک سیاست سے بالا تر ہو کر اس معاملے پر متحد ہے ۔

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پہلگام واقعہ کی جگہ سے پولیس اسٹیشن ساڑھے 4کلو میٹر دور ہے جس میں سے 2 کلو میٹر سٹر ک نہیں ، واقعہ کے کچھ منٹ بعد ہی تھانے میں اس کی ایف آئی آر درج کر لی گئی ۔انہوں نے کہا کہ کالعدم بی ایل اے کے عہدیدار کس سے مل رہے ہیں ہمیں سب پتہ ہے ، وہ کیا کیا منصوبے بنا رہے ہیں ہمیں اس کا بھی بخوبی اندازہ ہے ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نہ جنگ چاہتا ہے اور نہ ہی کسی دہشت گرد کی سپورٹ کر رہا ہے، ہم صرف واقعہ کی شفاف تحقیقات چاہتے ہیں تاکہ دودھ کا دودھ اور پانی پانی ہو جائے ۔

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=588283

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں