پاکستان کی سیاسی قیادت بھارتی جارحیت کے خلاف متحد ہے، چوہدری محمد برجیس طاہر

122

اسلام آباد ۔ 4 اکتوبر (اے پی پی) وفاقی وزیر برائے امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری محمدبرجیس طاہر نے پاکستان کی سیاسی قیادت کی جانب سے بھارتی جارحیت کے خلاف اور کشمیری بھائیوں کے حقوق کے لیے متفقہ موقف لینے پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کی سیاسی قیادت نے سنجیدگی اور سیاسی پختگی کا اظہار کرتے ہوئے اپنے تمام تر ذاتی سیاسی اختلافات کو بالائے طاق رکھ کر صرف اور صرف پاکستان کے قومی مفاد کو مدنظر رکھ کر اپنا پیغام دُنیا پر واضح کیا ہے ۔وفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ اجلاس میں جس طرح سیاسی جماعتوںکے سربراہوںاور نمائندوں نے بھارتی جارحیت کی مذمت کی اورکشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے آواز اٹھائی وہ قابل تحسین ہے۔ انہوں نے کہاکہ ماضی میں جب بھی پاکستان کو نازک صورت حال کا سامنا کرنا پڑا تب ہی تمام سیاسی جماعتوں نے سیاسی بصیرت کا مظاہرہ کیا اور حکومت کو اپنی بھرپور سپورٹ فراہم کی ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے بھی سیاسی جماعتوں نے ماضی میں اپنا بھرپور مثبت کردار ادا کیا جس کے باعث آج پورے ملک میں دہشت گرد پسپا ہوچکے ہیں اور حکومتی حکمت عملی اور پاک فوج کی قربانیوں کے باعث ملک کے چپے چپے پر حکومت کی رٹ قائم ہو چکی ہے۔