پاکستان کی علاقے کے 7ممالک کو برآمدات میں جولائی کے دوران 8.57 فیصد اضافہ ہوا،سٹیٹ بینک

182
State Bank
State Bank

اسلام آباد۔31اگست (اے پی پی):سٹیٹ بینک نے کہا ہے کہ پاکستان کی علاقے کے 7ممالک کو برآمدات میں رواں مالی سال کے پہلے مہینے (جولائی ) میں سالانہ بنیاد پر8.57 فیصد اضافہ ہوا،اس کا حجم 306.274 ملین ڈالر رہا۔

بینک کی طرف سے جاری اعدادوشمار کے مطابق علاقے کے ممالک بشمول افغانستان ، چین ، بنگلہ دیش، سری لنکا، بھارت ، نیپال اور مالدیپ کو جولائی کے دوران برآمدات کا حجم 306.274 ملین ڈالر رہا جو کہ جولائی کی تمام ممالک کو پاکستانی برآمدات 2295.027 ملین ڈالر کا 13.34 فیصد ہے۔

پڑوسی ممالک میں پاکستانی برآمدات کے لحاظ سے چین سر فہرست جبکہ بنگلہ دیش اور افغانستان بالترتیب دوسرے اور تیسرے نمبر پر ہیں۔ پاکستان کی چین کوجولائی کی برآمدات کا حجم 4.99 فیصد اضافے کے ساتھ 174.076 ملین ڈالر رہا ،گزشتہ سال اسی مہینے کے دوران چین کو پاکستانی برآمدات کا حجم165.787 ملین ڈالر رہا تھا۔

بنگلہ دیش کو 51.033 ملین ڈالر سے بڑھ کر 71.507 ملین ڈالر ،سری لنکا کو 25.991 ملین ڈالر سے 8.29 فیصد بڑھ کر 28.146 ملین ڈالر ، نیپال کو 0.273 ملین ڈالر سے 3.26فیصد بڑھ کر 0.282 ملین ڈالر اور مالدیپ کو برآمدات کا حجم41.23 فیصد اضافے کے ساتھ 0.459 ملین ڈالر رہا۔

دوسری جانب اسی ماہ کے دوران ان 7 علاقے کے ممالک سے درآمدات کا حجم 1154.387 ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو کہ گزشتہ سال 1348.807 ملین ڈالر کے مقابلے میں 14.41 فیصد کم ہے۔جولائی2022 کے دوران چین سے درآمدات 1126.965 ملین ڈالر ریکارڈ کی گئیں جو کہ گزشتہ سال اسی مہینے کے درآمدی حجم 1312.007 ملین ڈالر سے 14.12 فیصد کم ہیں۔