ینگون۔9جون (اے پی پی):پاکستان کی قومی فٹبال ٹیم کے ہیڈ کوچ اسٹیفن کانسٹنٹائن نے اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کے اہم میچ سے قبل ٹیم کے جذبے اور تیاری پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ میانمار کے خلاف میچ سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم مکمل فوکس کے ساتھ میدان میں اترے گی اور بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی۔ اسٹیفن کانسٹنٹائن نے سب سے پہلے میانمار فٹبال ایسوسی ایشن کی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک مشکل میچ ہو گا۔ میانمار اپنی ہوم گراؤنڈ پر کھیل رہا ہے اور حالیہ میچ جیت چکا ہے۔
اس لیے وہ فیورٹ ضرور ہیں لیکن ہم ہر میچ کی طرح اس میں بھی پوری جان لگا کر کھیلیں گے۔ ہیڈ کوچ نے کھلاڑیوں کی تیاریوں پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے گزشتہ چند دنوں میں بھرپور محنت کی ہے اور کھلاڑی ہر چیلنج کے لیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا پاکستان کے لیے ہر میچ اہم ہے۔ شام کے خلاف میچ میں شکست کے باوجود ٹیم کی مجموعی کارکردگی حوصلہ افزا رہی۔
واضح رہے کہ میانمار کے خلاف ہونے والا یہ میچ پاکستان کے لیے گروپ "ای” کا دوسرا میچ ہو گا جو اے ایف سی ایشین کپ کوالیفائرز کے تحت کھیلا جا رہا ہے۔ میچ تھوونہ اسٹیڈیم، ینگون میں پاکستانی وقت کے مطابق سہ پہر 3:30 بجے شروع ہو گا۔ ہیڈ کوچ نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ٹیم میدان میں بھرپور جذبے کے ساتھ اترے گی اور مداحوں کی امیدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کرے گی۔