اقوام متحدہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ جاری نا انصافی بند کرائے،دونوں مسائل حل نہیں ہوتے تو یہ اقوام متحدہ کی طرف سے دہرے معیار کا مظاہرہ ہوگا، پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی کا اقوام متحدہ کی جنرل ا سمبلی سے خطاب
اقوام متحدہ ۔ 12 مئی (اے پی پی) پاکستان نے اقوام متحدہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ جاری نا انصافی بند کرائے۔ اقوام متحدہ میں پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹرملیحہ لودھی نے جنرل اسمبلی میں امن وسلامتی کے موضوع پر ایک مباحثے میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کو حق خود ارادیت سے انکار جاری رہتا ہے اور طویل عرصہ سے حل طلب یہ دونوں مسائل حل نہیں ہوتے تو یہ اقوام متحدہ کی طرف سے دہرے معیار کا مظاہرہ ہوگا۔ انہوں نے عالمی ادارہ سے مطالبہ کیا کہ وہ کشمیریوں اور فلسطینیوں کے ساتھ اپنی قراردادوں میں کئے گئے وعدے پورے کرے۔ پاکستانی مندوب نے مزید کہا کہ عالمی ادارہ اس وقت دنیا کو درپیش، اسلام فوبیا، عدم برداشت، دہشت گردی، امتیازی سلوک اورغیرملکیوں سے نفرت جیسے چیلنجز کا مقابلہ کرنے کےلئے تعاون پرمبنی موثر اقدامات کرے۔ پاکستانی مندوب نے یاد دہانی کرائی کہ ریاستوں کی خودمختاری کے لحاظ سے مساوات، بین الاقوامی تنازعات کا پرامن حل، طاقت کے استعمال اور اس کے استعمال کی دھمکی سے گریز اقوام متحدہ کے چارٹر میں موجود بنیادی اصول ہیں۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=4569