اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):پاکستان نے رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں جمعۃ الوداع کے موقع پر مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فورسز کے حملے کی شدید مذمت کی ہے جس کے نتیجے میں متعدد بے گناہ فلسطینی نمازی زخمی ہوئے۔ دفترخارجہ کے ترجمان نے جمعہ کو ایک بیان میں کہا کہ گذشتہ دو ہفتوں کے دوران مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی حملوں میں تقریباً 300 فلسطینی زخمی ہوچکے ہیں جو قابل مذمت ہے۔
ترجمان نے کہا کہ فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی قابض افواج کی طرف سے طاقت کا اندھا دھند استعمال تمام انسانی اصولوں اور انسانی حقوق کے قوانین کی خلاف ورزی ہے، فلسطینیوں پر ایسے حملے اسلامی مقدس مقامات کے تقدس کو پامال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان عالمی برادری سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ اسرائیلی خلاف ورزیوں کے خاتمے کے لئے فوری اقدام کرے جو خطے میں تشدد، کشیدگی اور عدم استحکام کو ہوا دے رہے ہیں اور پوری مسلم دنیا کے لیے شدید تشویش کا باعث ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ ہم فلسطینی عوام اور فلسطینی کاز کے لیے اپنی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں، جو ہمیشہ پاکستان کی خارجہ پالیسی کا ایک متعین اصول رہا ہے۔ ترجمان نے پاکستان کا یہ مطالبہ دہرایا کہ ہم 1967 سے پہلے کی سرحدوں کے ساتھ ایک قابل عمل، خودمختار اور فلسطینی ریاست کے لیے اپنے مطالبے کی تجدید کرتے ہیں جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہوگا، یہ مسئلہ فلسطین کا واحد، جامع اور پائیدار حل ہے جس کا اظہار اقوام متحدہ اور او آئی سی کی متعلقہ قراردادوں میں بھی کیا گیاہے۔