پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کابھرپور طریقے سے جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی

128
APP33-05 ISLAMABAD: April 05 - President Dr. Arif Alvi addressing the Army officers from Command and Staff College, Quetta at the Aiwan-e-Sadr. APP

اسلام آباد ۔ 5 اپریل (اے پی پی) صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے کہا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج بھارت کی کسی بھی مہم جوئی کابھرپور طریقے سے جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہیں، پلوامہ حملے کو بھارت کشیدگی بڑھانے کے لئے استعمال کررہا ہے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے کمانڈاینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے زیر تربیت فوجی افسران سے خطاب کرتے ہوئے کیا جنہو ں نے جمعہ کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ صدر مملکت نے کہاکہ پاکستان اپنی جغرافیائی سالمیت کی خلاف ورزی برداشت نہیں کرے گا اور اپنے دفاع کا حق رکھتاہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان ایک پر امن اور خو مختار ملک اور بھارت سمیت تمام ہمسایہ ممالک سے اچھے تعلقات کاخواہاں ہے۔ انہوں نے دہشت گردی اور لاقانونیت کے چیلنجوں سے نمٹنے کے لئے پاکستان کی مسلح افواج ، قانون نافذ کرنے والے اداوں اور انتظامیہ کے کردار اور قربانیوں کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بہت سے چلینجوں کے باوجو پاکستان اب درست سمت میں گامزن ہے۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان اب پہلے سے زیادہ مستحکم اور مضبوط ہے اور بہت سے مواقع ہمارے دروازے پر دستک دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) میں خطے کی قسمت بدلنے کے مواقع موجود ہیں۔بلوچستان سی پیک کے منصوبے سے خاص طورپر مستفید ہو گا اور بلوچستان میں نوجوانوں کے لئے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے۔ صدر مملکت نے پاک فوج سمیت مختلف ممالک کے آفیسرز کو معیاری اور تزویراتی تربیت کی فراہمی میں کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے کردار کو سراہا۔ انہوں نے توقع کااظہار کیا کہ اس فوجی تربیتی ادارے سے حاصل کی جانے والی تربیت، زیر تربیت افسران کے لئے ایک اثاثہ ثابت ہو گی اور اس کی مدد سے وہ اپنی مادر وطن کی خدمت کے لئے بھرپور طریقے سے اپنی صلاحیتیں بروئے کار لانے کے قابل ہوں گے۔