پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کوہر قیمت پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں، آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر

73

راولپنڈی۔1ستمبر (اے پی پی):چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے بنوں کا دورہ کیا اور بنوں دھماکہ میں زخمی ہونے والے زیر علاج زخمی افراد کی عیادت کی، بنوں آمدپر آرمی چیف کو خودکش دھماکہ کے ساتھ ساتھ سکیورٹی کے حوالے سے کئے جانے والے اقدامات پر بریفنگ بھی دی گئی ۔ جمعہ کو آئی ایس پی آر کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف نے افسران اور جوانوں سے ملاقات بھی کی اور اُن کے عزم کو سراہا ۔

آرمی چیف نے بنوں دھماکے میں زخمی ہونے والے زیر علاج افراد کی عیادت کے لئے سی ایم ایچ کا دورہ بھی کیا اور ان سے صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ انہوں نے بنوں خودکش دھماکہ میں شہید ہونے والے جوانوں کے اہلخانہ کویقین دلایا کہ قوم دکھ کی اس گھڑی میں ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کے بزدلانہ حملے دہشت گردی کے خاتمہ کے لئے ہمارے عزم کو کمزور نہیں کر سکتے، پاکستان میں امن و استحکام ہمارے شہداء کی قربانیوں کی مرہونِ منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج مادر وطن سے دہشت گردی کے ناسور کوہر قیمت پر ختم کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔