اسلام آباد۔25مارچ (اے پی پی):پاکستان کی مسلح افواج نے یوم پاکستان کے موقع پر شاندار پریڈ کی، پریڈ میں ترک فوجی بینڈ، بحرین، فلسطین، عراق، سری لنکا اور ترکی کے پیراٹروپرز نے خصوصی طور پر شرکت کی ، پریڈ کے دوران پاکستان کی ناقابل تسخیر عسکری قوت کا زبردست مظاہرہ کیاگیا۔ حاضرین کا ملی جوش و جذبہ ایک قوم ایک منزل کے تھیم کا حقیقی عکاس تھا۔
مسلح افواج کی پریڈمیں پہلی بار قومی پرچم کو اکیس توپوں کی سلامی دی گئی،کمانڈربحرین نیشنل گارڈجنرل شیخ عیسیٰ بن خلیفہ، کمانڈر یوکے اسٹریٹجک کمانڈ سرپیٹرک سینڈرز اور چیف آف ڈیفنس اینڈ کمانڈر سری لنکن آرمی نے بھی پریڈ کا مشاہدہ کیا۔
شکر پڑیاں کے پریڈ گراؤنڈ میں قومی علم کو 21 توپوں کی سلامی پیش کی گئی اور 105 فیلڈ ریجمنٹ نے قومی پرچم کو سلامی دی۔تقریب میں بری فوج کے سربراہ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نشان امیتاز (ملٹری)، چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا، وائس چیف آف ایئر اسٹاف ایئر مارشل سید نعمان علی ہلال امیتاز (ملٹری)، چیف آف دی نیول اسٹاف ایڈمرل محمد امجد خان نیازی ہلال امتیاز (ملٹری)، وزیر دفاع پرویز خٹک ، وفاقی وزراء ، مختلف ملکوں کے سفیروں ، فنکاروں ، کھلاڑیوں ، صحافیوں اور شہریوں کی کثیر تعداد نےیوم پاکستان کی پریڈ میں شرکت کی۔
بعد ازاں روایتی بگل بجا کر یوم پاکستان پریڈ کے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی آمد کا اعلان کیا گیا جو خصوصی لال بگھی میں سوار ہو کر پریڈ گراؤنڈ پہنچے۔پریڈ نے مہمان خصوصی صدر مملکت کو صدر سلامی پیش کی اور قومی ترانا سنایا گیا۔قومی ترانے کے بعد قرآنی آیات کی تلاوت کے ساتھ تقریب کا باقاعدہ آغاز کیا گیا۔
مسلح افواج کی مشترکہ یوم پاکستان پریڈ کے پریڈ کمانڈر نے مہمان خصوصی صدر مملکت ڈاکٹر علوی سے پریڈ کے معائنے کی درخواست کی۔ یوم پاکستان پریڈ میں ایئر چیف مارشل کی قیادت میں فلائی پاسٹ کا مظاہرہ ہوا، جس میں پاک فضائیہ اور پاک بحریہ کے طیاروں نے فلائی پاسٹ میں شرکت کی۔
صدر مملکت کی جانب سے پریڈ کے معائنے کے بعد پاک فضائیہ اور پاک بحریہ فلائنگ پاسٹ کا شاندار مظاہرہ کیا اور پاک فوج کے دستوں نے مارچ پاسٹ کیا جبکہ پاکستان کے دفاعی سازو سامان کی نمائش بھی کی گئی۔ جس میں میں پنجاب رجمنٹ ، نادرن لائٹ انفنٹری ، فرنٹیئر کور ، پاکستان رینجرز ، پاک فضائیہ ، پاک بحریہ ، تینوں مسلح افواج کی لیڈیزآفیسرز کا دستہ ، سپیشل سروسز گروپ اور پریڈ میں شرکت کرنے والا پنجاب پولیس اور ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے دستے صدر مملکت کو سلامی دیتے ہوئے چبوترے کے سامنے سے گزرے۔
آرمڈ کور میں شامل الخالد ٹینک ، الضرار ٹینک ، بکتر بند ، میکنائزڈ انفنٹری کے دستے ، ایئر ڈیفنس کے دستے ، LY80 ڈیفنس سسٹم ، کور آف انجینئرنگ کے مختلف دستے بھی پریڈ کا حصہ تھے۔ سٹریٹجک پلانز ڈویژنز کے دستے میں شامل بابر کروز میزائیل ، شاہین ون ، شاہین تھری ، رعد، نصر اور غزنوی میزائل ، جب شرکاء کے سامنے سے گزرے تو پنڈال نعرہ تکبیر سے گونج اٹھا۔پریڈ کا خصوصی ایونٹ فری فال کا زبردست مظاہرہ تھا جس میں پاکستان کے دوست ملکوں عراق ، سری لنکا ، بحرین ، فلسطین اور ترکی کے چھاتہ برداروں نے پہلی بار حصہ لیا ۔
برادر دوست ملکوں کے چھاتہ برداروں کی شرکت سے یوم پاکستان کی خوشیاں دو چند ہوگئیں۔فری فال کی قیادت سپیشل سروسز گروپ کے جنرل آفیسر کمانڈنگ میجر جنرل ممتاز حسین نے کی ۔بعد میں مظاہرے میں شریک تمام چھاتہ برداروں نے ڈاکٹر عارف علوی کو قومی پرچم پیش کئے ۔
پریڈ میں ترکی کے مہتر بینڈ نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے دل دل پاکستان کا ملی نغمہ گا کر حاضرین کے دل موہ لئے۔کورونا وائرس کی پابندیوں کی وجہ سے محدود تعداد میں شائقین کو پریڈ میں شرکت کی اجازت دی گئی۔تقریب میں مختلف سیگمنٹس کو ظاہر کرنے کے لیے ڈیجیٹل اسکرینیں لگائی گئیں۔پریڈ کے اسکرپٹ کا آغاز تحریک پاکستان سے ہوا اور قیام پاکستان کے لیے قربانیاں دینے والوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا جب کہ ہنگوکے اعتزاز حسن کی طرح دہشتگردی کے خلاف جنگ میں جان کی قربانی دینےوالوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
تقریب میں مقبوضہ کشمیرکی کم سن پیلٹ گن متاثرین حبانثار اور آصفہ بانو کو خراج تحسین پیش کیا گیا جب کہ نواب سراج رئیسانی، ہارون بلور اور شجاع خانزادہ کو ہمت وعزم کی علامت کےطور پرخراج تحسین پیش کیاگیا۔
پریڈ کا تھیم ایک قوم اور ایک منزل مختلف رنگوں میں نظر آیا، لیڈیز دستے میں پولیس ، رینجرز ، اے این ایف اور اے ایس ایف خواتین افسران شامل تھیں اور پریڈ کا اہم حصہ پرائیڈ آف پاکستان انکلوژر تھا، اس انکلوژر میں ایسے افراد شامل تھے جنہوں نے اپنے شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔تقریب میں مختلف فلوٹس پر پاکستان کے تشخص کی احسن انداز میں عکاسی کی گئی اور ڈھول پارٹی نے مختلف دھنوں سے تمام علاقوں کی نمائندگی کی جب کہ خواتین ڈھولچی ڈھول پارٹی کا اہم حصہ تھیں۔