28.8 C
Islamabad
بدھ, مئی 7, 2025
ہومتازہ ترینپاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے...

پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف مقامات پر میزائل حملوں کی تفصیلات جاری کردیں

- Advertisement -

راولپنڈی ۔7مئی (اے پی پی):پاکستان کی مسلح افواج کے ترجمان لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بھارت کی جانب سے پاکستان کے مختلف مقامات پر میزائل حملوں کی تفصیلات جاری کردیں، بھارت کی جانب سے پاکستان کے 6مقامات پر 24حملے کیے گئے ، ان حملوں میں 3سالہ بچی اور خاتون سمیت 8افراد شہید،35شہری زخمی اور دو افراد لاپتہ ہیں۔دشمن کے بزدلانہ،بلااشتعال،بلاجواز حملے کا جواب افواج پاکستان،عوام کی حمایت سے دے رہی ہے اور دیتی رہے گی، دن میں عالمی اور مقامی میڈیا کو انہی مقامات کا دورہ کرایا جائے گا تا کہ بھارت کی ننگی جارحیت دنیا کو دیکھائی جاسکے۔

بدھ کی علی الصبح میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹر جنرل لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے بتایا کہ منگل اور بدھ کی درمیانی رات بزدل بھارت نے پاکستان پر بلاامتیاز جارحیت کرتے ہوئے معصوم شہریوں کو ہدف بنایا ہے، انہوں نے کہا کہ معصوم اور نہتے لوگوں کو نشانہ بنایا گیا۔ بھارت نے مختلف نوعیت کے ہتھیاروں کا استعمال کرتے ہوئے پاکستان کے چھ مقامات پر 24 حملے کیے جس میں 8 پاکستانی شہید اور 35شہری زخمی اور دو افراد لاپتہ ہیں۔

- Advertisement -

انہوں نے بتایا کہ دشمن نے احمد پور ایسٹ میں مسجد سبحان کو نشانہ بنایا ،یہاں پر 4سٹرائیکس کیں گئیں جس میں 5بے گناہ پاکستانی شہیدہوئے جس میں ایک تین سال کی معصوم بچی اور دو خواتین بھی شامل ہیں ، اس مقام پر 31شہری زخمی ہوئے ہیں جن میں 25مرد اور 6خواتین ہیں۔یہاں پر ایک مسجد شہید اور چار فیملی کواٹر تباہ ہوئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ دشمن کی جانب سے مظفر آباد میں شاہی والا نلہ میں مسجد بلال کو نشانہ بنایا ۔ دشمن کی طرف سے سات حملے ہوئے جس میں ایک بچی زخمی اور مسجد شہید ہوئی ہے۔ ڈی جی آئی ایس پی آر نے بتایا کہ دشمن کی جانب سے کوٹلی میں مسجد عباس کو نشانہ بنایا گیا۔ یہاں پر 5سٹرائیک ہوئیں ہیں جس میں دو افراد شہید ہوئے۔ اس حملے میں ایک 16سال کی بچی اور ایک18سال کا بچہ شامل ہے جبکہ ایک ماں اور بیٹی زخمی ہے۔

دشمن کی جانب سے مرید کے میں مسجد کو نشانہ بنایا گیا۔یہاں پر 4سٹرائیکس کیں گئیں ایک جوان شہید اور ایک زخمی جبکہ دو افراد لاپتہ ہیں۔مسجد مکمل طور پر شہید ہوگئی،غریب لوگوں کے کوارٹرز کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے بتایا کہ سیالکوٹ کے گائوں کوٹلی لوہاراں میں دشمن کی جانب سے دو اسٹرئیکس کی گئیں۔ایک گولہ پھٹا نہیں اور دوسرا اوپن فیلڈ میں ہوا ہے۔ شکر گڑھ کے قریب دشمن کی جانب سے دو اسٹرائیکس کیں گئیں،ایک ڈسپنسری کو نقصان پہنچا۔

انہوں نے کہا کہ دشمن کے بزدلانہ،بلااشتعال،بلاجواز حملے کا جواب افواج پاکستان عوام کی حمایت سے دے رہی ہے اور دیتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ روز انہی مقامات پر عالمی میڈیا کو لیکر جایا گیا کیونکہ انہی مقامات کے بارے میں بلاجواز الزامات لگائے جاتے ہیں وہ ان کے سامنے کھول کے رکھے ہیں۔

بدھ کی صبح عالمی میڈیا اور مقامی میڈیا نے مریدکے اور بہاولپور جانا تھا اس کا اعلان منگل کی شام کو حکومت کی جانب سے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ دن کے اوقات میں عالمی اور مقامی میڈیا کو انہی مقامات پر لیجایا جائے گا تاکہ بھارت کی ننگی جارحیت کو دنیا دیکھ سکے۔

 

Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=593701

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں