پاکستان کی معاشی بہتری کے آثار نمایاں ہونے شروع ہوگئے، عالمی بینک اور بلوم برگ کی رپورٹس میں پاکستان میں معاشی بہتری اورمہنگائی کی شرح میں کمی کی تصدیق

113
World Health Organization
World Health Organization

اسلام آباد۔3اپریل (اے پی پی):پاکستان کی معاشی بہتری کے آثار نمایاں ہونے شروع ہوگئے جس کی تصدیق عالمی بینک اور معتبر عالمی مالیاتی خبررساں ادارہ بلوم برگ نے اپنی حالیہ رپورٹس میں بھی کی ہے۔ رپورٹس کے مطابق گزشتہ 22 ماہ میں مارچ کے مہینہ میں مہنگائی کی شرح پہلی بار سب سے کم 20.7 فیصد کی شرح پر آگئی ہے۔ عالمی بینک اور بلوم برگ نے اپنی رپورٹس میں معاشی استحکام کے آثار نمایاں ہونے کی تصدیق کرتے ہوئے کہاہے کہ شرح نمو میں اضافے اور معیشت نے ترقی دکھانا شروع کردی ہے،عالمی بینک کی رپورٹ پر بلوم برگ نے اپنی تجزیاتی رپورٹ میں کہاہے کہ رواں مالی سال کی نسبت آئیندہ مالی سال میں شرح نمو میں دوگنا اضافے اوربتدریج بڑھوتری ہوگی،

آئندہ مالی سال میں مہنگائی کی شرح میں 11 فیصد کمی کا امکان ہے،بین الاقوامی مالیاتی فنڈ( آئی ایم ایف) کے نئے بیل آوٹ پروگرام سے معاشی شرح نمو میں مزید تیزی اور استحکام آئے گا۔بلوم برگ کی رپورٹ کے مطابق گزشتہ 22 ماہ میں مارچ کے مہینہ میں مہنگائی کی شرح پہلی بار سب سے کم 20.7 فیصد کی شرح پر آگئی ہے، دو سال کے عرصہ کے بعد مہنگائی کی شرح میں کمی کا رجحان دیکھنے میں آرہا ہے۔

بلوم برگ رپورٹ کے مطابق جولائی سے شروع ہونے والے مالی سال کے دوران پاکستان کو 24 ارب ڈالر کی بیرونی مالی مدد درکار ہوگی۔ یاد رہے کہ وزیراعظم شہبازشریف نے 16 ماہ کی حکومت کے دوران ملک کو معاشی ڈیفالٹ سے بچانے کے لئے مشکل فیصلے کئے تھے۔ وزیراعظم شہبازشریف کی مخلوط حکومت نے آئی ایم ایف پروگرام بحال کیا اور سٹینڈ بائی ارینجمنٹ کے نتیجے میں معاشی استحکام کی راہ ہموار ہوئی۔