پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے پیداواریت، معیار اور جدت ایک اہم جز ہے،اویس منظور سمرا

74
Owais Manzoor Samra
Owais Manzoor Samra

اسلام آباد۔21نومبر (اے پی پی):سیکرٹری منصوبہ بندی اویس منظور سمرا نے کہا ہے کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے پیداواریت، معیار اور جدت ایک اہم جز ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں پیداواریت، معیار اور جدت 2024 سمٹ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے پیداواریت، معیار اور جدت ایک اہم جز ہے۔پاکستان کی معیشت میں بے پناہ مواقع موجود ہے۔ پائیدار ترقی اور علاقائی و عالمی سطح پر مسابقت کے حصول کے لیے کئی چیلنجز سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج کے سیمینار کا مقصد پیداواریت، معیار، اور جدت کے ذریعے پاکستان کی مسابقتی صلاحیت کو بہتر بنانا تھا۔ان تینوں عناصر کو اگر صحیح انداز میں بروئے کار لایا جائے تو یہ نہ صرف کاروباری اداروں کی کارکردگی کو بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ قومی معیشت کو بھی ترقی کی راہ پر گامزن کر سکتے ہیں۔ سیکرٹری نے کہا کہ پیداواریت کا مطلب صرف سخت محنت نہیں بلکہ اسمارٹ ورک ہے۔ہمیں اپنے عمل کو بہتر بنانا، غیر ضروری ضیاع کو ختم کرنااور جدید ٹیکنالوجی کا فائدہ اٹھانا ہوگا۔معیشت کی ترقی و استحکام کے لیے مصنوعات اور خدمات کو اعلیٰ ترین معیار پر لے کر جایا جائے گا۔معیار نہ صرف اعتماد کو مضبوط کرتا ہے بلکہ کاروباری اداروں کی ساکھ کو بھی مستحکم کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ جدت تبدیلی کو قبول کرنے، نئے خیالات اپنانے اور ایسے حل تخلیق کرنے کا نام ہے جو مستقبل کی ضروریات کو پورا کرے۔ ہمیں اپنے اصلاحاتی ایجنڈے کو عملی جامہ پہنانے کی ضرورت ہے تاکہ پاکستان کی مسابقتی صلاحیت کو عالمی معیار کے مطابق بنایا جا سکے۔آج کا یہ سیمینار حکومت کے اس عزم کی عکاسی کرتا ہے کہ پیداواریت، معیار، اور جدت کے اصولوں پر عمل کرتے ہوئے پاکستان کو ترقی، کامیابی، اور خوشحالی کی نئی بلندیوں تک پہنچایا جائے۔پاکستان کے روشن مستقبل اور مستحکم معیشت کی تشکیل کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔