اسلام آباد۔2ستمبر (اے پی پی):وزیر ریلوے حنیف عباسی نے کہا ہے پاکستان کی معیشت اور دفاع اس وقت محفوظ ہاتھوں میں ہے،ہمیں وائرل ہونے کے شوق میں بیوروکریسی اور کنٹریکٹرز کو تنقید کا نشانہ بنا کر اپنے حکومت کی کارکردگی کو نقصان نہیں پہنچانا چاہیے۔منگل کو قومی اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کروڑوں روپے کے گھروں میں رہنے والے سیلاب میں گھر بہہ جانے سے بے گھر ہوگئے۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں بیوروکریسی کو تنقید کرتے ہیں، اس ایوان کو برا بھلا کہہ رہے ہوتے ہیں،ہمیں حکومتی بنچوں پر بیٹھ کر اپوزیشن والا رویہ اختیار نہیں کرنا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ اگر میرے حلقے میں کوئی تجاوزات ہوں تو اس کاتدارک کرنا میری ذمہ داری ہے، پنڈی میں بارشوں اور سیلاب میں ہم نے بھرپور کام کیا۔
انہوں نے کہا کہ بیوروکریسی اور اس پارلیمان ہرجگہ اچھے اور برے لوگ ہیں،یہاں کھڑے ہوکر ان کو برا بھلا نہیں کہنا چاہیے۔ہم نے دیکھا کہ حکومت میں پالیسیوں سے اختلاف پر وزیر مستعفی ہوئے لیکن جماعتی وابستگی برقرار رکھی۔پاکستان کی معیشت اور دفاع مضبوط ہاتھوں میں ہے،انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کا چین میں جس طرح استقبال ہوا اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی،ہم ایک فاتح کی حیثیت سے دنیا میں جارہے ہیں،فیلڈ مارشل کی بہادری اور جوانوں کی قربانیوں کی وجہ سے آج یہ مقام ملا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی نے ایسا گندہ ماحول بنایا ہے کہ ڈی ایچ اے میں نالے میں بہنے جانے والوں کا مذاق اڑایا گیا ہمیں اس کو روکنا ہے۔انہوں نے کہا کہ فیلڈ مارشل اور شاہینوں کی دنیا میں تعریف ہوتی ہے تو کچھ عناصر کے پیٹ میں مروڑ اٹھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور وزیر اعلی ٰپنجاب کو ڈس کریڈٹ نہ کیا جائے۔ہم نے کام کیا ہم نے کسی کو بیلک میل نہیں کیا۔کسی کنٹریکٹر کی یہ جرا ت نہیں کہ وہ غیر معیاری کام کرے اور اسے ادائیگی کر دی جائے۔
انہوں نے کہا کہ اپنے لوگوں کی نمائندگی حق وسچ سے کرتے رہیں گے۔ہم نے جیلیں کاٹی ہیں۔ملک اور جان ومال کی حفاظت کرنے والا طاقت ور ہے،ہمارے شاہینوں نے جنگ میں جو کردار ادا کیا وہ رہتی دنیا تک یاد رہے گا۔آج دنیا اسی وجہ سے ہماری عزت کررہی ہے۔