25.3 C
Islamabad
اتوار, اگست 31, 2025
ہومتجارتی خبریںپاکستان کی معیشت کے بیرونی شعبے میں نمایاں پیش رفت، 22 سال...

پاکستان کی معیشت کے بیرونی شعبے میں نمایاں پیش رفت، 22 سال کا سب سے بڑا کرنٹ اکائونٹ سرپلس، خرم شہزاد

- Advertisement -

اسلام آباد۔18جولائی (اے پی پی):وزیر خزانہ کے مشیر خرم شہزاد نے کہا ہے کہ جون 2025ء کے اختتام پر کرنٹ اکائونٹ 328 ملین ڈالر کے سرپلس کے ساتھ بند ہوا جس سے پورے مالی سال کا مجموعی سرپلس 2.1 ارب ڈالر سے تجاوز کر گیا، یہ 14 سال کے بعد پہلا سالانہ سرپلس ہے اور 22 سال کے دوران سب سے بڑا ہے۔جمعہ کو ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے بیرونی شعبے میں نمایاں پیش رفت 22 سال کا سب سے بڑا کرنٹ اکائونٹ سرپلس، ترسیلات زر، برآمدات اور سرمایہ کاری میں تاریخی اضافہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی معیشت کے بیرونی شعبے نے مالی سال 2024-25 کے دوران تاریخی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جو پائیدار استحکام، درست سمت میں اقتصادی پالیسیوں اور اعتماد کی بحالی کا نتیجہ ہے۔انہوں نے بتایا کہ ٹیکسٹائل برآمدات میں سالانہ 7.4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا جو بڑھ کر 17.9 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں جو برآمدی شعبے کی بحالی، پیداواری لاگت میں کمی اور بہتر مارکیٹ رسائی کا مظہر ہے۔

- Advertisement -

انہوں نے کہا کہ غیر ملکی براہ راست سرمایہ کاری (ایف ڈی آئی) میں 5 فیصد اضافہ ہوا اور مالی سال 2025 میں کل سرمایہ کاری 2.5 ارب ڈالر رہی۔انہوں نے کہا کہ ترسیلات زر میں 27 فیصد کا تاریخی اضافہ ریکارڈ ہوا جس کی مالیت 38 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی، یہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے اعتماد، مالی اصلاحات اور ترسیلات کی سہولت کاری کے اقدامات کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ریئل ایفیکٹیو ایکسچینج ریٹ (آر ای ای آر) انڈیکس کم ہو کر 96.6 تک آ گیا ہے جس سے پاکستانی روپیہ عالمی کرنسیوں کے مقابلے میں مزید مسابقتی ہو گیا ہے جو آئندہ برآمدات میں بہتری اور بیرونی توازن کے قیام میں اہم کردار ادا کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سٹاک مارکیٹ نے بھی ترقی کا تسلسل برقرار رکھتے ہوئے کے ایس ای-100 انڈیکس کی 140,000 پوائنٹس کی تاریخی سطح عبور کر لی ہے۔ پاکستانی سٹاک مارکیٹ جولائی 2025ء تک کی کارکردگی کے لحاظ سے دنیا کی بہترین سٹاک مارکیٹوں میں شامل ہے اور اس وقت عالمی سطح پر چوتھے

نمبر پر ہے، مارکیٹ کی مجموعی مالیت 16.8 ٹریلین روپے (تقریباً 60 ارب ڈالر) تک پہنچ چکی ہے، عالمی سطح پر پاکستان سٹاک مارکیٹ کو جولائی 2025ء تک کی کارکردگی کی بنیاد پر دنیا کی چوتھی بہترین مارکیٹ قرار دیا گیا ہے۔خرم شہزاد نے کہا کہ یہ تمام مثبت اشاریے اس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ پاکستان کی معیشت درست سمت میں گامزن ہے، حکومت مالی استحکام، برآمدات کے فروغ، سرمایہ کاری کے مواقع پیدا کرنے اور معاشی ترقی کے عمل کو جاری رکھنے کے لیے پرعزم ہے۔

- Advertisement -
متعلقہ خبریں
- Advertisment -

مقبول خبریں