پاکستان کی مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سےنمازیوں کو ہراساں کرنے ، بے گناہ فلسطینیوں کی گرفتاری اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت

63

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):پاکستان نے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سےنمازیوں کو ہراساں کرنے ، بے گناہ فلسطینیوں کی گرفتاری اور بنیادی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے عالمی برادری سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے فوری کارروائی کرے۔

پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق پاکستان نے اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں نمازیوں کو ہراساں کرنے ،گرفتاریوں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ رمضان المبارک کے مقدس مہینے سے ہی ان غیرقانونی اقدامات میں بہت اضافہ ہوا ہے۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے اسرائیلی قابض فورسز کی جانب سے ان پرتشدد کارروائیوں کی مذمت اور عالمی برادری سے فلسطینیوں کے تحفظ کے لئے فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان، فلسطینی عوام کے حق خودارادیت کے حق اور مسلہ فلسطین کے دو ریاستی حل کی مکمل حمایت کرتا ہے،جو خطے میں پائیدار امن کیلئے ناگزیر ہے