پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال میں کاروباری طبقے کو درپیش چیلنجز کا حل باہمی تعاون اور ایک منظم لائحہ عمل میں پوشیدہ ہے،احسن ظفر بختاوری

94
Ahsan Zafar Bakhtavari
Ahsan Zafar Bakhtavari

اسلام آباد۔2نومبر (اے پی پی):وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان (ایف پی سی سی آئی) میں برسر اقتدار یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی) کی سنٹرل کور کمیٹی کے رکن احسن ظفر بختاوری نے کہا ہے کہ پاکستان کی موجودہ معاشی صورتحال میں کاروباری طبقے کو درپیش چیلنجز کا حل باہمی تعاون اور ایک منظم لائحہ عمل میں پوشیدہ ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے یہاں آزاد کشمیر کے سابق سینئر وزیر اور اسلام آباد کے ممتاز تاجر راجہ محمد یسین کی جانب سے اپنے اعزاز میں دیئے گئے عشائیہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ظفر بختاوری،نو منتخب صدر آئی سی سی آئی ناصر قریشی،چوہدری ناصر،اسد عزیز،راجہ جاوید اقبال،عاصم عباسی،عبدالرحمٰن صدیقی و دیگر بھی موجود تھے۔

احسن ظفر بختاوری نے عشائیہ میں شریک کاروباری برادری کے نمایاں افراد اور معزز مہمانوں سے خطاب کے دوران یو بی جی کے وژن پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ گروپ کا ہمیشہ سے مقصد کاروباری برادری کی ترقی اور ان کی آواز کو مؤثر انداز میں حکومتی سطح پر پیش کرنا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو درپیش مسائل، خصوصاً توانائی بحران، بلند شرح سود اور تجارتی ماحول میں عدم استحکام جیسے چیلنجز کے حل کے لئے یو بی جی سنجیدہ اور موثر اقدامات کر رہی ہے۔

احسن ظفر بختاوری نے اس موقع پر تاجروں کے اتحاد، حوصلے اور ملکی معیشت کی بہتری میں ان کے کردار کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ وفاق ایوان ہائے صنعت و تجارت پاکستان کا مقصد تاجر برادری کی حمایت اور ان کی فلاح و بہبود ہے۔ عشائیے کے دوران احسن ظفر بختاوری نے صنعت و تجارت کے فروغ اور تاجر برادری کی مضبوطی کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کاروباری برادری کو اس سفر میں اپنی جانب سے مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔

نومنتخب صدرآئی سی سی آئی ناصر قریشی نے اپنے خطاب مین احسن ظفر بختاوری کی کاروباری برادری کے لئے خدمات کو سراہا اور یو بی جی(ایف پی سی سی آئی) میں ان کی موجودگی کو کاروباری طبقے کے لئے ایک مثبت قدم قرار دیا۔ ناصر قریشی نے کہا کہ احسن ظفر بختاوری نے ہمیشہ تاجروں اور صنعتکاروں کے مسائل کو حکومتی سطح پر اجاگر کرنے کے لئے مثالی کردار ادا کیا ہے۔

راجہ محمد یٰسین نے احسن ظفر بختاوری کی قائدانہ صلاحیتوں، مستقل مزاجی اور عزم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قیادت نے نہ صرف چیمبر کی ساکھ کو بلند کیا بلکہ کاروباری برادری میں اعتماد اور یکجہتی کی فضا قائم کی۔