کازان۔19مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ ملک بھر میں موٹرویز اور قومی شاہراہوں پر ایئر ایمبولینس سروس متعارف کرانے کے لیے اقدامات جاری ہیں، یہ سروس اس مقصد کے تحت شروع کی جا رہی ہے کہ سڑک حادثات میں زخمی ہونے والوں کو ممکنہ حد تک کم وقت میں ہسپتال پہنچایا جا سکے۔ وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے یہ بات کازان فورم کے اختتام پر تاتارستان کے ایکسپو سینٹر کے دورے کے دوران کہی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ کازان کی ترقی کا ماڈل انتہائی متاثر کن ہے اور پاکستان کے مختلف شعبوں میں اس سے سیکھا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کازان میں ایئر ایمبولینس سروس کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے منصوبے پاکستان میں بھی اسی طرح کی سروس قائم کرنے میں معاون ثابت ہو سکتے ہیں جس سے دونوں ممالک کے درمیان باہمی تجربات کا تبادلہ ممکن ہوگا۔ عبدالعلیم خان نے کہا کہ سفر کے دوران سڑک حادثات میں اموات کی شرح تشویشناک ہے اور حکومت کی ذمہ داری ہے کہ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی طبی امداد فراہم کی جائے۔
انہوں نے بتایا کہ پاکستان میں ٹرانسپورٹ انفراسٹرکچر کو بہتر بنانے کے مسلسل اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ عوام میں ای ٹیگنگ اور دیگر خودکار سہولیات کے بارے میں آگاہی بڑھانے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ وفاقی وزیر مواصلات نے کازان فورم کو پاکستان کے لیے فائدہ مند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس فورم کے ذریعےخاص طور پر شرکا ممالک کے درمیان تعاون سے مواصلات کے شعبے میں ترقی کے نئے راستے کھلیں گے۔
انہوں نے پاکستان سے وسط ایشیائی ممالک تک زمینی رابطوں کو بڑھانے کی اہمیت پر بھی زور دیا اور کہا کہ کازان فورم میں اس سلسلے میں مثبت گفتگو ہوئی ہے۔ ایکسپو سینٹر کے دورے کے دوران وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان اور پاکستانی وفد کو ایئر ایمبولینس سروس کے طریقہ کار اور اس کی معاون انفراسٹرکچر کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔
Short Link: https://urdu.app.com.pk/urdu/?p=598791