پاکستان کی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کو معروف امریکی میگزین ٹائم نے 2023 کی 100 بااثر ترین شخصیات میں شامل کرلیا

248
شیری رحمان

نیویارک ۔14اپریل (اے پی پی):پاکستان کی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی سینیٹر شیری رحمان کو معروف امریکی میگزین ٹائم نے 2023 کی 100 بااثر ترین شخصیات میں شامل کیا ہے۔ جمعہ کو منظر عام پر آنے والی اس فہرست میں چھ مختلف کیٹیگریز کے تحت "بااثر افراد” کا انتخاب کیا گیا ہے۔ شیری رحمان کا شمار 2023 کے 20 بااثر رہنماؤں میں ہوتا ہے جن میں امریکی صدر جو بائیڈن، جاپانی وزیر اعظم فومیو کشیدا، جرمن چانسلر اولاف شولز اور برازیل کے صدر لوئیز اناسیو لولا دا سلوا شامل ہیں۔

جرمنی کی سٹیٹ سیکرٹری اور انٹرنیشنل کلائمیٹ ایکشن کے لیے خصوصی ایلچی جینیفر مورگن نے ٹائم کے 100 سب سے زیادہ بااثر افراد کے شمارے کے لیے شیری رحمان کی پروفائل لکھی، جس میں گزشتہ سال پاکستان میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے دوران ان کی کوششوں کی تعریف کی۔ مورگن نے لکھا، ’’ہمیں شیری رحمان جیسے مزید لوگوں کی ضرورت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا عالمی اخراج میں حصہ نہ ہونے کے برابر ہے لیکن اس کے باوجود موسمیاتی بحران کی وجہ سے گزشتہ سال ملک کا ایک تہائی سے زیادہ حصہ سیلاب کی زد میں آ گیا۔

پانی ابھی مکمل طور پر کم نہیں ہوا تھا کہ جب شیری رحمان نومبر میں اقوام متحدہ کے موسمیاتی سربراہی اجلاس کاپ27 میں شرکت کے لیے مصر پہنچیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہاں، پاکستان کی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی کے طور پر شیری رحمان نے ان لوگوں کو آواز دی جنہوں نے سیلاب میں اپنا سب کچھ کھو دیا تھا۔

محترمہ مورگن نے لکھا کہ پرجوش تقریروں اور مذاکرات میں انتھک مصروفیت کے ذریعے، انہوں نے بہت سے مندوبین کو اس بات پر قائل کیا کہ صریح ناانصافی کا خاتمہ ہونا چاہیے۔ کاپ27 میں عالمی برادری نے پہلی بار سب سے زیادہ کمزور ممالک کی مدد کے لیے نئے لاس اینڈ ڈیمیج فنڈ کے قیام کے انتظامات کرنے پر اتفاق کیا۔ جرمن عہدیدار نے کہا کہ یہ کلائمیٹ جسٹس کی طرف ایک بڑا قدم ہے لیکن ہمیں ابھی اس ضمن میں بہت طویل سفر طے کرنا ہے۔