پاکستان کی ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری ہنرمند کاروباری افرادکی کثرت اور وسیع مواقع کو ظاہر کرتی ہے ،وفاقی وزیر سینیٹر شبلی فراز کا پاکستان ٹیک سمٹ سے ویڈیو لنک خطاب

54

اسلام آباد۔26اکتوبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے سائنس و ٹیکنالوجی سینیٹر شبلی فراز نے کہا ہے کہ پاکستان کی ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری ہنرمند کاروباری افرادکی کثرت اور وسیع مواقع کو ظاہر کرتی ہے ، حکومت” سٹارٹ اپس“کے لئے کاروبار کو پروان چڑھانے کے لئے ایک ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے جنہوں نے اس سال اب تک تقریباً300ملین ڈالر کمائے ہیں ۔

انہوں نے یہ بات استنبول میں منعقدہ پاکستان ٹیک سمٹ سے ویڈیو لنک سے خطاب کرتے ہوئے کہی ، تر ک خبر رساں ادارہ اناطولیہ کی رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر نے کہا کہ حکومت پاکستان سٹارٹ اپس کے لئے پروان چڑھنے اور مقابلہ کے لئے ایک ساز گار ماحول فراہم کر رہی ہے ،انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ٹیکنالوجی کے شعبہ میں بڑھتی ہوئی سرمایہ کاری ہنرمند کاروباری افرادکی کثرت کو ظاہر کرتی ہے ،انہوں نے کہا کہ اگر ہم ترقی کے سفر کا احساس کرتے ہیں تو ہمیں تمام پہلوئوں کے احاطہ کے لئے کوششیں کرنی چاہیں، ٹیکنالوجی کے شعبہ میں ترقی کے لئے پاکستان کی جانب سے پیش کردہ زبردست مواقع کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیکنالوجی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کے فروغ کے لئے ملک میں کاروبار شروع کرنے کو آسان بنا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہاکہ ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کے لئے سمٹ کے ساتھ تعاون کیا جائے گا تاکہ پاکستانی ٹیلنٹ اور ٹیکنالوجی کی فضااجاگر ہو سکے ۔اس موقع پر خیبر پختونخوا سے وزارت سائنس کے سینئر حکام نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکنالوجی پاکستان کا موجودہ دور ہے ، صوبائی وزیر عاطف خان نے شرکاءکو بتایا کہ ٹیکنالوجی کے شعبہ پر دو ممالک کو توجہ دینے کی ضرورت ہے ،ٹیکنالوجی کی بدولت جغرافیائی سرحدوں اور حدود سے باہر نکلنے کا موقع ملتا ہے ، جو آپ کو عالمی شہری بننے اور بین الا قوامی منظر میں مسابقت کا موقع فراہم کرتا ہے انہوں نے کہا کہ آئی ٹی کے شعبہ میں پاکستانی برآمدات میں گزشتہ برس 47فیصد اضافہ ہوا انہوں نے کہا کہ پاکستان کی 29 سال سے کم عمر کے افراد کی آبادی 60 فیصد ہے ملک کو مناسب ذرائع اور اپنے عوام کی مہارتوں کے استعمال کی ضرورت ہے۔

انہوں نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے آئی ٹی کے شعبہ میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ترکی کو اس شعبہ میں تعاون کرنا چاہیے ۔ترکی کے نائب وزیر برائے اطلاعات و ٹیکنالوجی مہمت فتح قیصر نے کہا کہ بہتر مستقبل کے لئے دونوں ممالک کے درمیان ایسے تعاون کی ضرورت ہے جو ہمارا ایک مشن ہے ۔ترکی کی اطلاعاتی ٹیکنالوجی ، سٹارٹ اپ سیکٹرز اور قومی ٹیکنالوجی اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے انہوں نے اپنی پریزینٹیشن میں کہا کہ ترکی 2023 تک سٹارٹ اپس میں 1ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کا منصوبہ رکھتا ہے ۔

استنبول سباحتین زیم یونیورسٹی کے ریکٹر مہمت بلت نے کہا کہ یونیورسٹی آئندہ ماہ آن کیمپس ٹیکنو پارک کا افتتاح کرے گی اگر ہم نوجوانوں کو اچھی تعلیم ، اچھی اقدار اور جدید ٹیکنالوجی سے لیس کر سکیں تو مستقبل ہماری سرحدوں میں ہوگا، ترکی میں پاکستان کے سفیر محمد سائرس سجاد قاضی نے کہا کہ پاکستان ٹیک سمٹ سے پاکستانی اور ترکی کے درمیان ٹیکنالوجی ، تعلیمی اور کاروباری شعبوں میں تعاون کو فروغ ملے گا ، اسلام آباد کی ایک ٹیکنالوجی فرم سیون سول کے نمائندہ نعمان علی شاہ نے اناطولیہ کو بتایا کہ پاکستان اور ترکی کو ایک مناسب ٹیکنالوجی کمیونٹی قائم کرنے کی ضرورت ہے جس سے ہمیں مہارتوں اور وسائل کے تبادلہ میں مدد ملے گی

انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان آگے بڑھتے ہوئے ٹیکنالوجی کے شعبہ کی ترقی کے لئے اقدامات کرے، پاکستان کے تجارتی مرکز کراچی سے موبائل اور ویب ڈویلپر ایپلیکیشنز کمپنی گیکس آف کولاچی کے نمائندہ زین العابدین نے کہا کہ وہ آئی ٹی کے شعبہ میں سرگرم لوگوں سے ملنے کے لئے سمٹ میں شرکت کررہے ہیں جنہوں نے پہلے ہی بڑا کچھ کیا ہے اور ایسے اجلاسوں سے ہمیں ٹیکنالوجی میں آگے بڑھنے کے لئے ترغیب ملتی ہے ۔