اسلام آباد ۔ 27 اکتوبر (اے پی پی) پاکستان کی پہلی مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی باقاعدہ طور پر لانچ کر دی گئی۔ یہ کمپنی پاکستان تخفیف غربت فنڈ (پی پی اے ایف) اور کارانداز نے برطانیہ کے بین الاقوامی ترقی کے ادارہ (ڈی ایف آئی ڈی) اور جرمنی کے کے ایف ڈبلیو بنک کی مالیاتی معاونت سے تشکیل دی ہے۔ پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی کا قیام مالیاتی شمولیت سے متعلق قومی حکمت عملی کا حصہ ہے جس کا مقصد مائیکرو فنانسنگ تک زیادہ سے زیادہ لوگوں کو رسائی فراہم کرنا ہے تاکہ وہ معاشی انحصاری حاصل کر سکیں۔ پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی کے اجراءکی تقریب جمعرات کو وزیراعظم سیکرٹریٹ اسلام آباد میں ہوئی۔ وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے پاکستان مائیکرو فنانس انوسٹمنٹ کمپنی کے قیام کو تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ حکومت کی مالیاتی شمولیت کی حکمت عملی کے سلسلہ میں اہم سنگ میل ہے۔