پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل ،مربوط زرعی مردم شماری دیہی خوشحالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی، احسن اقبال

175
Federal Minister Ahsan Iqbal

نارووال ۔01 دسمبر (اے پی پی):وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات پروفیسر احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کی پہلی ڈیجیٹل ،مربوط زرعی مردم شماری دیہی خوشحالی اور پائیدار زراعت کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے زرعی مردم شماری کے فیلڈ اسٹاف کی تربیت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

پروفیسر احسن اقبال نے کہا کہ مردم شماری سے حاصل شدہ مستند ڈیٹا زرعی شعبے میں پالیسی سازی اور برآمدات میں اضافے کے لیے مددگار ثابت ہوگا۔ انہوں نے پاکستان بیورو آف اسٹیٹکس (پی بی ایس) کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام سبز پاکستان کی جانب اہم قدم ہے۔

چیف اسٹیٹسٹیشن ڈاکٹر نعیم الظفر نے کہا کہ زراعت ملک کی معاشی ترقی، روزگار اور غذائی تحفظ میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔ انہوں نے فیلڈ اسٹاف سے درست اور معیاری ڈیٹا جمع کرنے پر زور دیا تاکہ مؤثر فیصلے کیے جا سکیں۔محمد سرور گوندل (ستارۂ امتیاز) نے نارووال کی زرعی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ یہاں کی زراعت ملک کی گندم، چاول اور گنے کی پیداوار میں نمایاں حصہ ڈالتی ہے، تربیتی عمل کے تحت 6500 شمار کنندگان اور 1368 نگران کو 160 اضلاع میں تربیت دی جا رہی ہے،

پی بی ایس نے یونیورسٹی آف نارووال اور یو ای ٹی نارووال کے ساتھ تحقیقی تعاون کے معاہدے بھی کیے ہیں۔تقریب کا انعقاد نارووال پبلک اسکول اینڈ کالج میں کیا گیا تھا جس میں اراکینِ قومی و صوبائی اسمبلی، ضلعی افسران اور جامعات کے وائس چانسلرز نے شرکت کی ۔