اسلام آباد۔1مارچ (اے پی پی):پاکستان کی ڈائمنڈ جوبلی تقریبات کے حوالے سے نیشنل امیچور شارٹ فلم فیسٹیول (این اے ایس ایف ایف) ہائی اچیورز سکالر شپ ایوارڈز کی تقریب میں15 طلباء کو ڈپلومہ سکالر شپس دینے کا اعلان کیا گیا۔
اس حوالے سے منعقدہ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین اور ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے شرکت کی۔
آئی ایس پی آر نے وزارت اطلاعات و نشریات کے زیر اہتمام این اے ایس ایف ایف 2021 میں نمایاں کامیابی حاصل کرنے والوں کے اعزاز میں این اے ایس ایف ایف ایوارڈز کی تقریب کا انعقاد کیا ہے۔
ایوارڈ جیتنے والے طلبا کو فلم سازی میں ایک سالہ سکالر شپ پروگرام کے لئے نیویارک فلم اکیڈمی آسٹریلیا بھیجا جائے گا۔ ڈائریکٹر جنرل آئی ایس پی آر نے پاکستان کے اصل تشخص کو اجاگر کرنے کے لئے ایسی تقریبات کی اہمیت کا ذکر کیا اور کہا کہ یہ فورم پاکستانی نوجوانوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا منفرد موقع فراہم کرتا ہے۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات چوہدری فواد حسین نے حاضرین سے اپنے خطاب کے دوران ہائی اچیورز کو مبارکباد دی اور این اے ایس ایف ایف 2022ء کے تھیم ”اوشنز ٹو ماؤنٹینز”کا بھی اعلان کیا۔
وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات نے کہا کہ نیا تھیم پاکستان میں سیاحت کے فروغ میں سہولت فراہم کرے گا۔تقریب میں ایوارڈ جیتنے والوں کے اہل خانہ کے علاوہ پاکستانی ڈرامہ اور فلم انڈسٹری کی نامور شخصیات نے شرکت کی۔
یہ بات قابل ذکر ہے کہ آئی ایس پی آر نے گزشتہ برس این اے ایس ایف ایف مقابلے کا اہتمام کیا تھا، وزیر اعظم عمران خان گزشتہ برس ہائی اچیورز ایوارڈ کی تقریب کے مہمان خصوصی تھے