پاکستان کی کرکٹ ٹیم آج اورانگلینڈ ٹیم کل ملتان پہنچے گی ،ٹیسٹ سیریز کے لیے سکیورٹی پلان جاری

175
پاکستان کی کرکٹ ٹیم آج اورانگلینڈ ٹیم کل ملتان پہنچے گی ،ٹیسٹ سیریز کے لیے سکیورٹی پلان جاری
پاکستان کی کرکٹ ٹیم آج اورانگلینڈ ٹیم کل ملتان پہنچے گی ،ٹیسٹ سیریز کے لیے سکیورٹی پلان جاری

ملتان۔ 01 اکتوبر (اے پی پی):ملتان پولیس کی جانب سے پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جانے والے ٹیسٹ میچز کے حوالے سے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کی آمد آج متوقع ہے جبکہ انگلینڈ کی ٹیم کل بدھ کو ملتان پہنچے گی ۔

پولیس ترجمان کے مطابق ٹیسٹ میچز کے دوران فول پروف سکیورٹی کو یقینی بنانے کے لیے مجموعی طور پر 5000 سے زائد پولیس افسران و جوان ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔ ٹیسٹ سیریز کا آغاز 7 اکتوبر سے ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں ہو گا۔3 ٹیسٹ میچز کی سیریز کے پہلے 2ٹیسٹ میچز ملتان کرکٹ سٹیڈیم میں جبکہ تیسرا ٹیسٹ راولپنڈی میں کھیلا جائے گا ۔

ملتان پولیس کے ساتھ ساتھ ٹریفک پولیس، ایلیٹ فورس، پاک فوج، رینجرز ودیگرقانون نافذ کرنے والے ادارے شہر کے مختلف مقامات پرڈیوٹی سرانجام دیں گے ۔ میچ دیکھنے کے لیے کرکٹ شائقین کو اپنی شناخت ثابت کرنے کے لیے قومی شناختی کارڈ ہمراہ لازمی رکھنا ہوگا۔کسی بھی بینر ،پوسٹر یا پلے کارڈ جس پر مذہب یا نسل کی بنیاد پر امتیازی سلوک یا قابل اعتراض باتیں درج ہوں گی اس کی سختی سے ممانعت ہے۔