پاکستان کی ہرارے ٹیسٹ میں پوزیشن مستحکم، 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا لئے، فواد عالم کی سنچری

42

ہرارے ۔30اپریل (اے پی پی):پاکستان نے زمبابوے کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ کی پہلی اننگز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا کر پوزیشن مستحکم کرلی، فواد عالم نے اپنے کیریئر کی چوتھی سنچری سکور کی، عمران بٹ نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے، عابد علی نے نصف سنچری سکور کی، پاکستان کو 198 رنز کی برتری حاصل ہوگئی جبکہ اپنی اننگز جاری ہے۔ جمعہ کو ہرارے سپورٹس کلب میں کھیلے جارہے دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے 103 رنز بغیر کسی نقصان کے اپنی اننگز کا دوبارہ آغاز کیا۔

اوپنر عابد علی56 اور عمران بٹ 43 رنز بنا کر وکٹ پر موجود تھے تاہم عابد علی اپنے سکور میں صرف 4 رنز کا ہی اضافہ کر سکے اور 60 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئے۔ اظہر علی نے عمران بٹ کے ساتھ مل کر مجموعی سکور کو 176 تک پہنچا دیا، اظہر علی 36 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ کپتان بابراعظم اپنی بہترین پرفارمنس کا سلسلہ جاری نہ رکھ سکے اور صفر پر پویلین لوٹ گئے۔ نئے آنے والے بلے باز فواد عالم نے عمران بٹ کے ساتھ مل کر سکور کو آگے بڑھایا۔ پاکستان کی چوتھی وکٹ 226 رنز پر گری جب نوجوان اوپر عمران بٹ نروس نائنٹیز کا شکار ہوگئے۔

انہوں نے 91 رنز کی دلکش اننگز کھیلی۔ اس کے بعد فواد عالم نے محمد رضوان کے ساتھ مل کر ٹیم کو مستحکم پوزیشن پر کھڑا کردیا، دونوں بلے بازوں کے درمیان پانچویں وکٹ کی شراکت میں 107 رنز بنے۔ محمد رضوان 45 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے۔ پاکستان کے چھٹے آئوٹ ہونے والے بلے باز فہیم اشرف بغیر کوئی رن بنائے پولین لوٹ گئے۔ دوسرے اینڈ پر فواد عالم نے اپنی بہترین بیٹنگ کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے اپنی شاندار سنچری مکمل کی، یہ ان کے ٹیسٹ کیریئر کی چوتھی سنچری ہے۔

فواد عالم 108 رنز اور حسن علی 21 رنز کے ساتھ کریز پر موجود ہیں۔ اس طرح پاکستان نے دوسرے روز کھیل کے اختتام پر 6 وکٹوں کے نقصان پر 374 رنز بنا کر زمبابوے کے خلاف پہلی اننگز میں 198 رنز کی مجموعی برتری حاصل کرلی۔

زمبابوے کی طرف سے ڈونلڈ ٹریپانو تین وکٹیں حاصل کرکے کامیاب ترین بائولر رہے جبکہ مازاربانی، انگاراوا اور ٹینڈائی چیسورو نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ واضح رہے زمبابوے کی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 176 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی تھی۔ پاکستان کے فاسٹ بائولرز حسن علی اور شاہین شاہ آفریدی نے 4,4 وکٹیں حاصل کیں۔