پاکستان کی 24 خواتین کرکٹرز نے اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ کے لیے کراچی میں رپورٹ کر دی

30

راولپنڈی۔7جولائی (اے پی پی):پاکستان کی 24 خواتین کرکٹرز نے اسکلز اینڈ فٹنس کیمپ کے لیے کراچی میں رپورٹ کر دی ہے۔ کیمپ کا باقاعدہ آغاز (کل) بروز منگل سے نیشنل بینک سٹیڈیم کراچی میں ہو گا جہاں کھلاڑیوں کو فٹنس اور تکنیکی مہارتوں کو بہتر بنانے کی خصوصی تربیت دی جائے گی۔ کیمپ کے روزانہ دو سیشنز ہوں گے۔ پہلا سیشن صبح ساڑھے 9 بجے شروع ہو گا اور دوپہر ساڑھے 12 بجے تک جاری رہے گا۔

دوسرا سیشن سہ پہر ساڑھے 3 بجے سے شام ساڑھے 6 بجے تک منعقد کیا جائے گا۔ کیمپ میں موجود ماہر کوچز خواتین کرکٹرز کو جدید تقاضوں کے مطابق سکلز اور فٹنس میں بہتری کے لیے ٹریننگ فراہم کریں گے تاکہ وہ آنے والے قومی و بین الاقوامی مقابلوں کے لیے بہترین انداز میں تیار ہو سکیں۔ پی سی بی حکام کے مطابق کیمپ کا مقصد کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس میں بہتری لانے کے ساتھ ساتھ ان کی کرکٹنگ صلاحیتوں کو نکھارنا ہے۔ کیمپ میں بیٹنگ، بائولنگ، فیلڈنگ اور میچ فٹنس پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔