ملتان۔14جولائی (اے پی پی):سابق وزیر مملکت عابد شیر علی نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) جب بھی اقتدار میں آئی پاکستان نے ترقی کاسفر طے کیا ،عمران خان کی غلط پالیسیوں سے ملک کو نقصان ہوا ،نواز شریف کے دور میں ملک میں سستی بجلی ملتی تھی اور لوڈ شیڈنگ بھی نہیں تھی ،اپنے دور میں ایل این جی کے سستے ترین معاہدے کئے جس پر عمران خان نے شور مچایا،اگر ن لیگ کے معاہدے پر ایل این جی لی جاتی تو پاکستان میں سستی ترین بجلی ہوتی ،آج عمران خان اپنے جلسوں میں بجلی شارٹ فال کا جواب کیوں نہیں دیتا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو یہاں مقامی ہوٹل میں مسلم لیگ ن کے ایم پی اے عرفان دولتانہ اور دیگر کے ہمراہ صحافیوں سے گفتگو میں کیا ۔
عابد شیر علی نے کہا کہ تحریک انصاف والے کہتے تھے کہ ان کے پاس 2سو افراد کی معاشی ٹیم ہے، کہاں ہیں پی ٹی آئی کے ارسطو اسد عمر، پی ٹی آئی نے ملک کو ڈبو دیا،پی ٹی آئی کے وزرا کو جیلوں میں ڈالنا چاہیے،تحریک انصاف کے ندیم بابر جس کا اپنا پاور پلانٹ ہے اس کو پکڑیں جس نے ملک کو کروڑوں روپےکا چونالگایا۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے میٹرو بنائی،ہسپتال اوریونیورسٹیاں بنائیں،موٹر ویز کا جال بچھایا ،جب بھی مسلم لیگ ن اقتدار میں آئی جنوبی پنجاب کا کسان خوشحال ہوا،2018 ء کے الیکشن میں ایک سازش کے تحت آرٹی ایس سسٹم کو بند کرکے عمران خان کو ملک پر مسلط کر کے ترقی کا سفر ختم کیا گیا،پاکستان کے ڈیم فنڈ کے 5ارب کھانے والے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کہا ں ہے ،پاکستان کے آئین کے ساتھ کھلواڑ کرنے والوں پر آرٹیکل 6لگنا چاہیے۔
عابد شیر علی نے کہا کہ عمران خان اپنے جلسوں میں مسٹر ایکس اور وائی کی بات کر رہے ہیں،مسٹر ایکس مانیکا اور مسٹر وائی عمران خان خود ہے ۔انہوں نے کہا کہ عمران خان مسلح افواج پر تنقید کر رہا ہے،عمران خان کا ٹرائل ہونا چاہیے کہ وہ کس بنیاد پر اداروں کیخلاف بات کر رہا ہے ۔عابدشیرعلی نے کہاکہ نواز شریف کے خلاف فیصلہ تین ماہ میں کر دیا جاتا،الیکشن کمیشن بتائے کہ عمران خان کے خلاف فارن فنڈنگ کا فیصلہ ابھی تک کیوں نہیں دیا گیا۔
عابد شیر علی نے کہا کہ بنی گالہ کو چلانے کے لئے فرح گوگی اور پنکی پیرنی نے کرپشن کی ،پنکی پیرنی اور فرح گوگی عمران خان کی کرپشن کی سرغنہ تھیں،عمران خان نے فرح گوگی کو پاکستان سے فرار ہونے میں مدد کی،ہم فرح گوگی کو پاکستان پکڑ کر لائیں گے اور اس کو جیل میں ڈالیں گے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان نے توشہ خانے کا جو مال کھایااس کا حساب دیں،عثمان بزدار نے قبضے کیے ،شہزاد اکبر اور پی ٹی آئی کے دیگر وزراء نے کرپشن کی،چورڈاکوؤں کو جیلوں میں ہونا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ پی پی 217کی عوام نے شاہ محمود کی مورثی سیاست کو مسترد کردیا ہے،عمران خان ضمنی الیکشن کے روز پانچ حلقوں میں آنے کا کہہ رہا ہے ،عمران خان اقتدار جانے پر بوکھلاہٹ کا شکار ہے،عمران خان پولنگ ڈے پرخون ریزی چاہتا ہے تاکہ ملک میں فساد پیدا ہو،الیکشن کمیشن اس کانوٹس لے،ہم عمران خان کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے،ہم امن پسند لوگ ہیں اور پر امن پولنگ چاہتے ہیں ،الیکشن رولز پر عملدآمد کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے،پولنگ ڈے کو پر امن بنانے کیلئے الیکشن کمیشن رینجرزتعینات کرنے کا انتظام کرے،الیکشن کمیشن عمران خان کو فساد سے روکے، وہ ووٹرز کو تحفظ فراہم کرے ضمنی الیکشن والےروزفساد ہوا تو اس کا ذمہ دارعمران خان ہوگا۔
انہوں نے کہاکہ عمران خان یہ ڈسکہ کا الیکشن نہیں ہے جہاں تم آراوز کو خرید لو گے، عوام سوچ سمجھ کر فیصلہ کریں گے اور ضمنی الیکشن میں جیت ہمارے امیدواروں کی ہی ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف سے معاملات طے پا گئے ہیں ،ہم پاکستان کو خوشحالی کی طرف لے کر جائیں گے،پاکستان کو کبھی سری لنکا نہیں بننے دیں گے ۔
نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ جیسے ہی ڈاکٹرز نے اجازت دی تو نوازشریف پاکستان آجائیں گے، نواز شریف پر ایک دھیلے کی بھی کرپشن ثابت نہیں ہوئی،2023 کا الیکشن نوازشریف کی موجودگی میں ہوگا،ریاست کوبچانےاور عوام کو سہولیات دینے کیلئے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں کاجمہوری اتحاد ہے،آئندہ عام انتخابات میں تمام سیاسی پارٹیاں اپنے اپنے منشور اور نشانات پر الیکشن لڑیں گی ،فیصلہ عوام نے کرنا ہے ۔
عابد شیر علی نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا اعلان کیا ہے جس پر جلد عملدرآمد ہو جائے گا ۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی صدر مریم نواز شریف جمعہ کو شام سات بجے ملتان پہنچیں گی ، مریم نواز کا ملتان جلسہ ملتان کی تاریخ کا سب بڑا جلسہ ہوگا،جلسے میں مسلم لیگ ن کے کار کنوں کا جم غفیر ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ماضی میں تحریک انصاف نے ہمارے جلسوں میں رکاوٹیں ڈالیں لیکن ہم ایسا نہیں کریں گے ،ہم جمہوری لوگ ہیں ،گھٹیا سیاست پر یقین نہیں رکھتے ،ہم نےعمران خان کو جلسوں کی اجازت دی اورانہیں سیکورٹی بھی فراہم کی ہے ۔
اس موقع پر انہوں نے نویلہ بٹ اوراسلم سعید قریشی کو ن لیگ میں شمولیت پرخوش آمدید کرتے ہوئے کہا کہ ملتان کے لوگوں کا شکر گزرا ہوں جنہوں نے انہیں بڑا پیار دیا۔اس موقع پرممبرپنجاب اسمبلی عمران دولتانہ نے کہاکہ مسلم لیگ ن جب بھی اقتدارمیں آئی ملک نے ترقی کی منازل طے کیں ،وزیراعظم شہبازشریف عوام کوریلیف فراہم کرنے اورمہنگائی پرقابوپانے کے لئے دن رات کوشاں ہیں،عوام ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ ن کے امیدواروں کو کامیاب کرائیں۔