پاکستان کے ارکان پارلیمان ، سرکاری حُکام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل وفد کا سینیٹر فیصل جاوید کی قیادت میں واشنگٹن ڈی سی کا دورہ

43
کپتان اپنی قوم کو کبھی مایوس نہیں کریں گے، سینیٹر فیصل جاوید خان

اسلام آباد۔10نومبر (اے پی پی):پاکستان کے ارکان پارلیمان ، سرکاری حُکام اور سول سوسائٹی کے نمائندوں پر مشتمل پندرہ رُکنی وفد نے سینیٹر فیصل جاوید کی قیادت میں حال ہی میں واشنگٹن ڈی سی کا دورہ کیا ۔ پاکستانی وفد نے امریکہ میں ملاقاتوں کے دوران انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی ( آئی سی ٹی) کے شعبہ میں بین الاقوامی سطح پر بہترین طریق کارسے متعلق امورپر تبادلہ خیال کیا۔

بدھ کو امریکی سفارتخانہ کے مطابق اس دورہ کا انتظام اور مالی معاونت کی فراہمی امریکہ کے محکمہ تجارت کے کمرشل لاء ڈیویلپمنٹ پروگرام ( سی ایل ڈی پی) کی جانب سے کی گئی تھی۔پاکستانی شرکاء نے امریکی ہم منصب حُکام سے ملاقاتیں کیں اور آئی سی ٹی شعبہ میں نظم و نسق کے اطلاق کے مواقع اور دُشواریوں کے اُمور پر بات چیت کی۔

وفد نے امریکی سینیٹ اور ایوان نمائندگان، وفاقی کمیشن برائے تجارتی اُمور کی سربراہ لینا ایم خان، امریکہ کی نائب معاون وزیر برائے پاکستان اُمور لیزلی وِگیوری اور امریکہ کے جُنوب اور وسطی ایشیا کے لیے ایلچی برائے تجارتی اُمور کی نائب معاون زیبا ریاض الدین کے ساتھ ملاقاتیں کیں۔اس کے علاوہ وفد نے نجی شعبہ کی بڑی کمپنیوں ویزا کارڈ، ماسٹرکارڈ، ایمیزون، فیس بک اور گوگل کےنمائندوں کے ساتھ ایک گول میز اجلاس میں بھی شرکت کی۔

وفد نے دونوں ممالک کے درمیان آئی سی ٹی سے متعلق رابطہ پروگرام کو سراہتے ہوئے امریکہ کے قانون سازوں کو بھی پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی اور اس بات کواجاگر کیا کہ پاکستان میں بھی انفارمیشن اینڈ کمیونیکیشن ٹیکنالوجی شعبہ کے نظم و نسق سے متعلق اہم نوعیت کے قواعد و ضوابط پر مشتمل قانونی سازی تحریری مراحل میں ہے۔