کراچی۔ 17 دسمبر (اے پی پی):سکوائش کے سابق ورلڈ چیمپئن جہانگیر خان نے کہا ہے کہ پاکستان کے اسپیشل ایتھلیٹس ہمارا فخر اور قیمتی سرمایہ ہیں، قوم کے ان باہمت سپوتوں نے حالیہ ورلڈ گیمز میں 80سے زائد میڈلز جیت کر ثابت کیا ہے کہ جب جیت کا عزم اور اپنی محنت پر پختہ یقین ہو تو کوئی بھی ذہنی یا جسمانی معذوری کامیابی کا راستہ نہیں روک سکتی۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو لیجنڈزایرینا اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی سے ملاقات کے موقع پر کیا۔ جہانگیر خان کاکہنا تھا کہ ہمارے اسپیشل ایتھلیٹس نے کھیل کے ہرمیدان میں ہمیشہ پاکستان کے نام اور سبز ہلالی پرچم کو سربلند کیا ہے، اسپیشل اولمپک پاکستان کیلئے نئے ٹیلنٹ کی دریافت، کھلاڑیوں کی فزیکل فٹنس اور ڈویلپمنٹ کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی سطح پر مقابلوں کیلئے ان کی گرومنگ کیلئے لیجنڈز ایرینا میں موجود کھیلوں کی تمام جدید سہولیات حاضر ہیں۔
اسپیشل اولمپک پاکستان کی چیئرپرسن رونق لاکھانی کاکہنا تھا کہ لیجنڈز ایرینا پاکستان میں اپنی نوعیت کا منفرو اوراسٹیٹ آف دی آرٹ ادارہ ہے، جہانگیر خان کیجانب سے لیجنڈز ایرینا میں ہمارے ایتھلیٹس کیلئے سہولیات کی فراہمی کھلاڑیوں کی جسمانی فٹنس میں بہتری اور ان کی کارکردگی کے تسلسل کو جاری رکھنے میں بہت معاون ثابت ہو گی۔