سٹراسبرگ۔16جون (اے پی پی):پاکستان کے اعلی سطحی پارلیمانی وفد نے یورپی پارلیمنٹ کی نائب صدر کرسٹل شلڈم سے فرانس کے شہر سٹراسبرگ میں ملاقات کی۔ وفد نے انہیں جنوبی ایشیا میں بگڑتی ہوئی علاقائی سلامتی کی صورتحال سے آگاہ کیا۔ پیر کو جاری پریس ریلیز کے مطابق پارلیمانی وفد کی قیادت وفاقی وزیر برائے ماحولیاتی تبدیلی و ماحولیاتی ہم آہنگی ڈاکٹر مصدق مسعود ملک کر رہے ہیں۔
وفد نے بھارت کی جارحانہ ذہنیت اور یکطرفہ غیر قانونی اقدامات اور ان کے مضمرات سے بھی آگاہ کیا۔ ملاقات میں ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کیلئے مشترکہ کاوشیں بروئے کار لانے اور باہمی افہام و تفہیم اور تعاون کو فروغ دینے کے لیے پارلیمانی روابط کو مزید وسعت دینے پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
پارلیمانی وفد نے بھارت کی یکطرفہ جارحیت اور جنگی بیانیے کو بے نقاب کیا۔ وفد نے کہا کہ خطے میں امن کے لیے مذاکرات ناگزیر ہیں، بھارت کی طرف سے آبی معاہدے کی معطلی ناقابل قبول ہے، پانی پر جنگ کے خدشات کے حوالے سے عالمی برادری اپنا کردار ادا کرے۔
وفد نے بین الاقوامی ثالثی کی تجویز پیش کی۔ یورپی پارلیمنٹ کی نائب صدر نے خطے کی کشیدگی پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی پر اطمینان اور پائیدار امن کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا۔ وفد نے یورپی یونین سے اس حوالے سے کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ یورپ عالمی قوانین کے دفاع میں قائدانہ کردار ادا کرے۔